Sunday, November 10, 2024
ہومبریکنگ نیوزبھارت نے پرویز مشرف کی خاندانی جائیداد نیلام کردی

بھارت نے پرویز مشرف کی خاندانی جائیداد نیلام کردی

نئی دہلی(آئی پی ایس ) بھارت نے سابق صدرِ پاکستان جنرل پرویز مشرف کی خاندانی جائیداد کو نیلام کردیا ہے۔ پرویز مشرف کی یہ خاندانی زمین ریاست اترپردیش میں باغپت ضلع کے کوتانہ گاں میں تھی، جسے سرکار نے 2010 سے دشمن کی ملکیت قرار دے رکھا تھا، اس زمین کی بولی اس کی بنیادی قیمت سے ساڑھے تین گنا زیادہ لگائی گئی۔

بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق ایک مقامی اعلی سرکاری افسر نے بتایا کہ اس زمین کے لیے آن لائن بولیاں لگیں اور بنیادی قیمت سے کئی گنا زیادہ بولی لگی۔انہوں نے بتایا کہ اس زمین کی بنیادی قیمت 39 لاکھ 6 ہزار روپے رکھی گئی تھی لیکن ساڑھے تین گنا زیادہ ایک کروڑ 38 لاکھ 16 ہزار پر بولی ختم ہوئی۔زمین کا یہ قطعہ اترپردیش میں پرویز مشرف کے آبااجداد کی آخری زمین تھی، کوتانہ گاں میں ان کی اور بھی خاندانی زمینیں تھیں، جو پہلے ہی نیلام کی جاچکی ہیں۔سب ڈویژنل مجسٹریٹ امر ورما نے تصدیق کی کہ پرویز مشرف کے دادا کوتانہ گاں میں رہتے تھے۔

انہوں نے بتایا کہ پرویز مشرف کے والد سید مشرف الدین اور والدہ زرین بیگم اس گاں میں نہیں رہتے تھے لیکن ان کے چچا ہمایوں کافی عرصے تک یہاں مقیم رہے، بعد میں وہ اپنی زمین بیچ کر ملک چھوڑ گئے لیکن یہ زمین بھارتی حکومت نے اپنے قبضے میں لے لی اور اسے دشمن کی ملکیت قرار دے دیا۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔