اسلام آباد (سب نیوز ) چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا کی زیر صدارت بدھ کے روز اسلام آباد میں سیکٹرز کی ڈویلپمنٹ کے حوالے سے اجلاس سی ڈی اے ہیڈ کوارٹرز میں منعقد ہوا. اجلاس میں متعلقہ شعبوں کے سینئر افسران نے شرکت کی۔
چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے کہا کہ سیکٹر ای بارہ میں ترقیاتی کام فوری طور پر شروع کیا جائے ۔انہوں نے کہا کہ غیر قانونی قابضین سے سیکٹر ای بارہ کی زمین کو خالی کروانے کے لئے انسداد تجاوزات آپریشن کیا جائے۔ چیئرمین سی ڈی اے نے ہدایت کی کہ ممبر اسٹیٹ، اسلام آباد پولیس اور اسلام آباد انتظامیہ سے مل کر آپریشن کو حتمی شکل دیں .انہوں نے کہا کہ سیکٹر ای بارہکے ترقیاتی کاموں میں حائل مسائل کو فوری طور پر حل کیا جائے۔
چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے مزید کہا کہ وہ سیکٹر ای بارہ کا خود دورہ کریں گے اور تمام مسائل کو حل کرکے سیکٹر کے ترقیاتی کاموں کو مکمل کیا جائے گا. انہوں نے کہا کہ سیکٹرز کی زمین پر قائم تجاوزات کے خلاف کارروائی کا آغاز کیا جائے اور سیکٹر کے ایسے متاثرین جنکے بحالیاتی حقوق باقی ہیں انکو موقع پر بحالیاتی حقوق دئیے جائیں۔
چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے کہا کہ سیکٹرز کی ڈویلپمنٹ میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے کے لیے انفورسمنٹ ونگ ممبر اسٹیٹ کو رپورٹ کریگا. اسی طرح سیکٹر I-15 ،I-12 سمیت دیگر سیکٹرز کی زمین پر قائم تجاوزات کو ختم کرکے ترقیاتی کاموں کو بھی مکمل کیاجائے۔
