عالمی شہرت یافتہ فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو نے فٹبال کی دنیا کے بعد اب یوٹیوب پر بھی اپنی مقبولیت کا لوہا منوا لیا ہے۔ ان کے یوٹیوب چینل ’یو آر کرسٹیانو‘ نے لانچ کے ایک دن بعد ہی گولڈن بٹن حاصل کر لیا تھا، تاہم اب انہوں نے اس حوالے سے ایک نیا ریکارڈ قائم کیا ہے۔
عالمی میڈیا رپورٹس کے مطابق اب کرسٹیانو رونالڈو کے یوٹیوب چینل ’یور کرسٹیانو‘ نے عالمی ریکارڈ بُک ’گینیز ورلڈ ریکارڈ‘ میں بھی نام درج کرا لیا ہے۔
عالمی ریکارڈ بُک نے سعودی فٹبال کلب سے منسلک النصر اسٹار کے یوٹیوب چینل کو 24 گھنٹوں میں سب سے زیادہ سبسکرائبرز حاصل کرنے والے چینل کے طور پر تسلیم کرلیا ہے۔
وکی ٹیوبیا کے مطابق رونالڈو کے چینل نے صرف 22 منٹ میں 1 لاکھ سبسکرائبرز، 47 منٹ میں 10 لاکھ سبسکرائبرز اور 11 گھنٹے 31 منٹ میں 10 ملین سبسکرائبرز حاصل کیے ہیں، صرف 1 ہفتے میں 50 ملین افراد سبسکرائب کرچکے ہیں۔
اس سے قبل یہ ریکارڈ رونالڈو کو انسٹا گرام سے زیادہ فالوورز کے ساتھ گنیز ورلڈ ریکارڈ میں اپنا نام لکھوا چکے ہیں، نومبر 2022 میں وہ اس پلیٹ فارم پر 500 ملین فالوورز تک پہنچنے والے پہلے شخص کے طور پر سامنے آئے تھے۔