پاکستانی کوہ پیما مراد سد پارہ جاں بحق ہوگئے، الپائن کلب کے نائب صدر ایاز شگری نے ان کی موت کی تصدیق کردی۔
اسکردو میں مراد سد پارہ 8 ہزار 47 میٹر بلند چوٹی براڈ پیک کی مہم جوئی کے دوران زخمی ہوئے تھے۔
پاک فوج نے 4 ماہر کوہ پیماؤں کو بیس کیمپ پہنچا دیا۔
ایاز شگری نے بتایا کہ چاروں ریسکیور مراد سد پارہ کی باڈی کو بیس کیمپ لانے کی کوشش کریں گے۔
نائلہ کیانی کی جانب سے مراد سدپارہ کو ریسکیو کرنے کے لیے پاک فوج سے اسکردو سے 4 کوہ پیماؤں کو ’کریمپن پوائنٹ‘ بھیجنے کی درخواست کی تھی۔
خاتون کوہ پیما کا سوشل میڈیا صارفین سے اپیل کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ’اسکردو سے مراد سدپارہ کی بحفاظت واپسی کے لیے انہیں اپنی دعاؤں میں یاد رکھیں‘۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی ایوی ایشن ہیلی کاپٹر کی جانب سے 2 تجربہ کار کوہ پیماؤں کو مراد سدپارہ کو ریسکیو کرنے کے لیے بیس کیمپ بھیجا گیا تھا۔
واضح رہے کہ محمد مراد سد پارہ نے کے ٹو کی انتہائی بلندی سے گزشتہ سال جان کی بازی ہارنے والے حسن شگری کی میت کو بھی اتارا تھا۔
مراد حسن پرتگالی خاتون کوہ پیما کے ہمراہ گزشتہ ہفتے براڈ پیک کی مہم جوئی کیلئے روانہ ہوئے تھے، جہاں ہفتے کے روز کیمپ ون کے مقام پر سر پر پتھر لگنے کے باعث شدید زخمی ہوگئے تھے۔
