Tuesday, May 26, 2026
spot_img
spot_imgspot_img
ہومپاکستانغزہ میں جاری اسرائیلی ظلم سے جشن آزادی کی خوشیاں ماند پڑگئی ہیں ، وزیراعظم

غزہ میں جاری اسرائیلی ظلم سے جشن آزادی کی خوشیاں ماند پڑگئی ہیں ، وزیراعظم

لاہور (آئی پی ایس )وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ غزہ پر ڈھائے جانے والے مظالم کے باعث ہماری آزادی کی خوشیاں ماند پڑگئی ہیں، مظلوم فلسطینیوں پر آگ برس رہی ہے اور دنیا خاموش ہے، عالمی برادری اسرائیلی مظالم کے خلاف صرف الفاظ سے کام لے رہی ہے، تاریخ میں اس سے زیادہ بربریت کی مثال نہیں ملتی، پاکستان میں سب کو آئین اور قانون کے مطابق مساوی حقوق حاصل ہوں گے، یقین دلاتا ہوں کہ اقلیتوں کے حقوق کے لیے کوششیں جاری رکھیں گے۔

اقلیتوں کے قومی دن کے حوالے سے لاہور میں منعقد کی گئی خصوصی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ آج کی تقریب کا انعقاد خوش آئند ہے، یوم آزادی کی آمد آمد ہے، آج ہم اقلیتوں کا دن منا رہے ہیں،اقلیتی برادری نیپاکستان کی تعمیروترقی میں اہم کردارادا کیا ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ آج کے دن قائداعظم نے ایک تاریخی بیان دیا تھا، قائداعظم نے کہا تھا کہ سب اپنی عبادت گاہوں میں جانے کے لیے آزاد ہیں، بانی پاکستان نے کہا تھا کہ سب برابر ہیں۔میاں شہباز شریف کا کہنا تھا کہ اقلیتی برادری کی سکیورٹی کیلئے ہرممکن اقدامات کر رہے ہیں، اقلیتی برادری نے پاکستان کے حق میں ووٹ دیا تھا، یہ کوئی معمولی باتیں نہیں ہے، اقلیتی برادری نے ملکی سرحدوں کی حفاظت کیلئے اپنی جانیں قربان کیں۔ انہوں نے کہا کہ نوازشریف نے اقلیتی برادری کے حقوق کے لیے ہمیشہ آواز اٹھائی، اقلیتی برادری کے حقوق کیلئے کاوشیں جاری رکھیں گے، اقلیتی برادری کے کوٹہ کے حوالے سے پوائنٹ نوٹ کر لیے ہیں، صوبائی حکومتیں بھی اقلیتی برادری کے حوالے سے یکسو ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اقلیتی برادری نیہمیشہ ملکی استحکام اور ترقی کے لیے کردار ادا کیا، اقلیتی برادری ہر شعبے میں ملک وقوم کے لیے خدمات سرانجام دے رہی ہے۔وزیراعظم نے مزید کہا کہ بدقسمتی سے غزہ میں ظلم ڈھایا جارہا ہے، غزہ میں ظلم کی وجہ سے آزادی کی خوشیاں مانند پڑ گئی ہیں، گزشتہ دنوں نمازکے دوران بمباری کی گئی، دن رات اسرائیل کے مظالم جاری اور دنیا خاموش ہے، اسرائیل کیخلاف قراردادوں کووقعت نہیں دی جاتی، غزہ میں ظلم اور زیادتی کی مثال نہیں ملتی۔قبل ازیں وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے اقلیتوں کے قومی دن کے موقع پر ملکی ترقی وشحالی میں اقلیتوں کے شاندار کردار پر خراج تحسین پیش کیا۔اپنے پیغام میں محمد شہباز شریف کا کہنا تھا کہ اقلیتی برادری نے تحریک پاکستان میں کلیدی کردار ادا کیا ، اقلیتوں کے مذہبی، سماجی، سیاسی اور معاشی حقوق کا تحفظ یقینی بنانے کیلئے پرعزم ہے، ہر پاکستانی کو مذہب، ذات، رنگ یا نسل کی تفریق کے بغیر اپنے عقیدے کے مطابق زندگی گزارنے کا حق ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کو ایک مضبوط ملک بنانے کیلئے بین المذاہب ہم آہنگی، محبت، رواداری، بھائی چارے اور اتحاد کے جذبے کے فروغ کیلئے کام کریں، پاکستان اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ، انہیں زندگی میں آگے بڑھنے کیلئے مساوی مواقع فراہم کرے گا، مجھے یقین ہے کہ پاکستان کی اقلیتیں ملکی ترقی کے لیے اپنا مثبت کردار ادا کرتی رہیں گی۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔