کراچی(سب نیوز )سندھ حکومت میں پاکستان پیپلزپارٹی کے وزرا کے درمیان تین دھڑے بننے کا انکشاف ہوا ہے جبکہ وزیراعلی نے بلاول سے وزرا کی شکایتوں کے انبار لگادیے۔بلاول بھٹو کی زیر صدارت پارلیمانی پارٹی کے اجلاس کی اندرونی کہانی کے مطابق سندھ کابینہ میں تین دھڑے کھل کر سامنے آگئے، جن میں سے ایک وزیراعلی مراد علی شاہ کا ہے جبکہ دوسرا مخالف اور تیسرا بالکل خاموش ہے۔
وزیر اعلی نے بلاول بھٹو سے صوبائی وزرا کی شکایت کرتے ہوئے کہا کہ کچھ وزرا میرا فون تک نہیں اٹھاتے۔اندرونی کہانی کے مطابق بلاول بھٹو نے تین وزرا کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ان کی تعریفوں کے پل باندھ دیے۔ پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو نے وزات داخلہ، توانائی اور وزارت تعلیم کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا۔
انہوں نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جب سے حکومت بنی ہے سب ٹرانسفرپوسٹنگ کے پیچھے لگے ہیں، ارکان اسمبلی چاہتے ہیں مقامی اسکول ٹیچران کی مرضی کا لگے۔ بلاول بھٹو نے محمد بخش کومخاطب کرکے کہا کہ اینٹی کرپشن کیسز کسی دبا کے بغیربنائیں، شروع میں کام کریں گیتو پریشانی ہوگی اور پھر بعد میں سب خود ٹھیک ہوجائے گا۔