اسلام آباد: وفاقی وزیراطلاعات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ ملک میں دشمن قوتیں اس وقت سرگرم ہیں لیکن بانی پی ٹی آئی عمران خان ملک کے ٹوٹنے کی باتیں کر رہے ہیں اور وہ ملک کی بنیادیں کھوکھلی کرنا چاہتے ہیں۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب میں وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ عمران خان پر سائفر، توشہ خانہ اور 190 ملین پاونڈز کے کیس ہیں اور وہ 1971 اور شیخ مجیب الرحمان کی تصاویر لگا کر غداری کےسرٹیفیکیٹ بانٹ رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ وہی سوچ ہے ’خان نہیں تو پاکستان نہیں‘، ’میں اقتدار میں نہ رہا تو پاکستان ٹوٹ جائے گا‘۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کی اقتدار سے دوری نے انہوں ملک ٹوٹنے کی باتیں کرنے پر مجبور کردیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے پی ڈی ایم دور میں اقوام متحدہ کے اجلاس میں فلسطین اور فلسطینیوں کے حقوق کی بات کی۔ انہوں نے ورلڈ اکنامک کے فورم پر کہا کہ غزہ میں امن کے بغیر دنیا میں امن قائم نہیں ہوسکتا جس کو تمام ممالک نے سراہا۔
عطا تارڑ نے کہا کہ وزیراعظم شہباز نے ناروے اور آئرلینڈ کے وزرائے اعظم کے ساتھ رابطہ کیا ہے اور فلسطین پر ان کے مؤقف کو سرہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس عمل کا اچھا تاثر آئے گا، فلسطیبنیوں کو بھی معلوم ہوگا کہ دنیا کے کچھ ممالک ہیں جنہیں غزہ اور رفح کی صورتحال پر تشویش ہے اور وہ اس حوالے سے آپس میں بھی رابطے قائم کر رہے ہیں۔
