راولپنڈی (آئی پی ایس )وزیراعلی خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی)کے بانی چیئرمین عمران خان سے اڈیالہ جیل میں ملاقات کی، 40منٹ کی ملاقات میں انہوں نے سابق وزیراعظم کو ایس آئی ایف سی اجلاس کے حوالے سے آگاہ کیا۔
راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں ملاقات کے لیے مختص روز نہ ہونے کے باوجود وزیراعلی خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پورکی بانی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات جیل کانفرنس روم میں کروائی گئی، جو تقریبا 40 منٹ تک جاری رہی۔
بانی پی ٹی آئی سے ہونے والی ملاقات میں وزیراعلی علی امین گنڈا پور نے خصوصی سرمایہ کاری کونسل (ایس ائی ایف سی)اجلاس کے بارے میں آگاہ کیا جبکہ ملاقات میں پارٹی اور ملکی سیاسی صورتحال کے بارے میں بھی بات چیت کی گئی۔سابق وزیراعظم عمران خان سے ملاقات ختم ہونے پر وزیراعلی خیبرپختونخوا اڈیالہ جیل سے واپس روانہ ہوگئے۔
