واشنگٹن(آئی پی ایس ) امریکی صدر کی سرکاری رہائش گاہ اور دفتر وائٹ ہاس کے داخلی دروازے سے ایک تیز رفتار گاڑی ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں ڈرائیور ہلاک ہوگیا۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق اس واقعے کے بعد وائٹ ہاوس کی سیکیورٹی الرٹ کردی گئی۔سیکیورٹی ایجنسیز نے ہنگامی اجلاس طلب کرکے تفتیش کا آغاز کردیا کہ اتنی سخت سیکیورٹی کے باوجود گاڑی دروازے تک کیسے پہنچی۔گاڑی میں ڈرائیور کی لاش موجود تھی جس کی تاحال شناخت ظاہر نہیں کی گئی۔ لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا۔ وائٹ ہاوس دروازے سے گاڑی ٹکرانے کا 4 ماہ میں یہ دوسرا واقعہ ہے۔وائٹ ہاوس انتظامیہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ گاڑی ٹکرانے کے واقعے کی ابتدائی تحقیقات میں دہشت گردی کے ملوث ہونے کے شواہد نہیں ملے تاہم تفتیشی عمل ابھی جاری ہے۔
