لاہور(سب نیوز)بادشاہی مسجد میں پہلے میڈیکل کیمپ کے قیام سے اپنے حصے کی شمع روشن کر دی ہے۔
یہ بات وفاقی وزیر مذہبی امور انیق احمد نے بادشاہی مسجد لاہور میں پہلے میڈیکل کیمپ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کے دوران کہی۔ تقریب سے دیگر مقررین میں وفاقی وزیر صحت ڈاکٹر ندیم جان، صوبائی وزیر بنیادی صحت ڈاکٹر جمال ناصر، صوبائی وزیر اوقاف سید اظفر علی، مولانا عبدالخبیر آزاد، سیکرٹری اوقاف پنجاب طاہر رضا بخاری نے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔
انیق احمد نے کہا کہ بادشاہی مسجد میں پہلے میڈیکل کیمپ کے قیام سے اپنے حصے کی شمع روشن کر دی ہے۔ مسجد کلینک کے اجراء سے اسے کمیونٹی سینٹر بنانے کا آغاز کر دیا ہے۔ مسجد کے ذریعے دور دراز علاقوں تک بنیادی صحت کی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ دور نبوی ﷺ میں تعلیم، صحت، عائلی مسائل، سیاست سمیت متعدد امور مسجد میں ہی طے پاتے تھے۔ پاکستان بھر کی ڈھائی لاکھ مساجد میں صحت و تعلیم کی سہولیات مہیا کی جا سکتی ہیں۔ 27 رمضان کو وجود میں آنے والی مملکت کی تعمیر ترقی میں کردار ادا کریں گے۔
نگران وزیر صحت ڈاکٹر ندیم جان نے کہا کی صحت مند معاشرے کے حصول کیلئے تمام شعبوں کو ملکر کام کرنا ہو گا۔ مسجد کلینک کو مستقل بنیادوں پر جاری کیا جا رہا ہے۔ ڈاکٹر جمال ناصر نے کہا کہ وزیر مذہبی امور انیق احمد کی ایوان صدر میں دی گئی تجویز آج عملی طور پر سامنے ہے۔
پنجاب حکومت مسجد کلینک کے قیام کیلئے مرکز کے شانہ بشانہ کام کرے گی۔ سید اظفر علی وزیر اوقاف نے کہا کہ اسلام میں مسجد اجتماعی اتحاد و اتفاق کی علامت ہے۔ کرونا وبا کے دوران منبر و محراب نے موثر کردار ادا کیا تھا۔ سیکرٹری اوقاف طاہر رضا بخاری نے کہا کہ معاشرے عمل سے چلتے ہیں۔ انیق احمد نے مسجد کلینک کا ویژن سچ کر دکھایا۔ مولانا عبدالخبیر آزاد نے کہا کہ وزیر مذہبی امور نے عہدہ سنبھالنے کے بعد انقلابی کام کیے۔
