Friday, February 13, 2026
ہومپاکستانیونیسف نے بچوں کے عالمی دن کے موقع پر پاکستان میں پہلی یوتھ ایڈووکیٹ مقرر کر دی

یونیسف نے بچوں کے عالمی دن کے موقع پر پاکستان میں پہلی یوتھ ایڈووکیٹ مقرر کر دی

اسلام آباد۔ : سماجی کارکن، مصنفہ اور موٹیویشنل اسپیکر، 16 سالہ تقویٰ احمد کو پاکستان میں یونیسف کی پہلی یوتھ ایڈووکیٹ مقرر کیا گیا ہے۔ پنجاب کے شہر گجرانوالہ سے تعلق رکھنے والی تقویٰ قیامِ امن شمولیت، معذور افراد کے حقوق اور تعلیم کے فروغ کے لیے کام کرتی ہیں۔ بچوں کے عالمی دن کے موقع پر ان کے تقررکا مقصد بچوں کو اپنے حقوق کے لیے آواز بلند کرنے اور مثبت تبدیلی کی کوششیں کرنے کی ترغیب دینا ہے۔

اس موقع پر تقویٰ احمد کا کہنا تھا، ’’میں یونیسف کی یوتھ ایڈووکیٹ بننے پر بے حد خوش ہوں۔ میرا مقصد نوجوانوں کے جذبات کی ترجمانی کرنا، ان کے حقوق کا تحفظ کرنا اور دوسروں کو بااختیار بنانا ہے۔ میں ایک ایسے مستقبل کا خواب دیکھتی ہوں، جہاں پاکستان کے ہر بچے کو اعلیٰ معیار کی تعلیم اور صحت کی سہولیات تک رسائی حاصل ہو، تاکہ وہ ایک محفوظ، سازگار اور مساوات پر مبنی ماحول میں پل بڑھ سکے۔‘‘

یونیسف یوتھ ایڈووکیٹ کی حیثیت سے تقویٰ اپنے عہدے کو بچوں کے حقوق اور نوجوانوں کے مسائل کو اُجاگر کرنے کے لیے استعمال کریں گی۔ حال ہی میں تقویٰ اور پانچ دیگر بچوں کے نمائندوں نے عالمی یوم اطفال پر یونیسف کے خصوصی اقدام کے تحت صدر پاکستان، ڈاکٹر عارف علوی سے ملاقات کی اور بچوں کے اہم خدشات کے حوالے سے ان سے تبادلہ خیال کیا۔

وفد نے پاکستان کے تمام صوبوں اور خطوں سے تعلق رکھنے والے مختلف عمروں اور پس منظر سے تعلق رکھنے والے بچوں کی نمائندگی کی۔ انہوں نے موسمیاتی تبدیلی، یکساں تعلیم کی عدم فراہمی اور صنفی عدم مساوات جیسے اہم مسائل کو اُجاگر کیا اور بچوں کے مستقبل کے تحفظ کے لیے قومی رہنماؤں، فیصلہ سازوں اور معاشرے کی جانب سے فوری اقدامات کی ضرورت پر زور دیا۔

پاکستان میں بچوں کو بہت سی مشکلات کا سامنا ہے۔ وہ موسمیاتی تبدیلی کے اثرات کے خطرے سے سب سے زیادہ دوچار ہیں، اور انہیں سیلاب، خشک سالی اور سخت گرمی کی لہروں سمیت تباہ کن موسمی واقعات کا بھی سامنا ہے۔

پاکستان میں 2.2کروڑ سے زائد بچے اسکولوں سے باہر ہیں، جس کی وجہ سے وہ سیکھنے، کمانے اور ترقی کرنے کے اہم مواقع سے محروم ہیں۔ غذائی قلت اور غربت کی بلند شرح بچوں کی بقاء اور فلاح و بہبود کے لیے خطرہ ہیں۔ معذور بچے سب سے زیادہ کمزور اور پسماندہ گروہوں میں سے ایک ہیں۔

پاکستان میں یونیسف کے سربراہ، عبداللہ فاضل نے کہا کہ انہیں تقویٰ پر فخر ہے، جو پاکستان میں یونیسف کی پہلی یوتھ ایڈووکیٹ مقرر ہوئیں۔ ’’تقویٰ نہ صرف اپنے متاثرکن الفاظ سے، بلکہ اپنے کام اور ناقابل یقین ذاتی کہانی کے ذریعے ہمیں متاثر کرتی ہے۔ ان کا بہادری سے اپنی ریڑھ کی ہڈی کی بیماری پر قابو پانا، اور وہیل چیئر پر ہونے کے باوجود کراٹے چمپئن بننا، بچوں، خاص طور پر لڑکیوں کےلیے اُمید کی کرن ہے ‘‘

یونیسف نوجوانوں، سماجی کارکنوں اور بچوں کے حقو ق کے لیے آواز اُٹھانے والوں کے ساتھ مل کر کام کرتا رہے گا، تاکہ شمولیت اور مساوات پر مبنی ایک ایسے پاکستان کی تعمیر میں نئی نسل کے سماجی تبدیلی کے علمبرداروں کی مدد کی جا سکے، جہاں تمام بچوں کے حقوق کا تحفظ ممکن ہو اور ان کے بہتر مستقبل کو یقینی بنانے کے لیے ان کی حقیقی صلاحیتوں کو تسلیم کیا جائے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔