اسلام آباد (سب نیوز )مسلم لیگ ن کے رہنما اور سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے مطالبہ کیا ہے کہ سپریم کورٹ سے دو مرتبہ آئین شکنی کے مرتکب قرار دیے جانے کے بعد صدر عارف علوی کو اخلاقی جرات کا مظاہرہ کرتے ہوئے مستعفی ہوجانا چاہیے ۔
نجی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اگر چیئرمین پی ٹی آئی اسلام آباد پر چڑھائی کی دھمکی نہ دیتے تو ن لیگ مئی 2022 میں اسمبلی تحلیل کر دیتی ۔ سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کی دھمکی کے بعد نوازشریف نے اسمبلی توڑنے کا فیصلہ تبدیل کیا۔ اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ ماضی میں جو اقدامات ہوئے ہیں انہیں کسی کارروائی کے بغیر یونہی نہیں چھوڑنا چاہیے ۔انہوں نے کہا کہ ٹرتھ اینڈ ری کنسلیئیشن کمیشن میثاق جمہوریت کا نامکمل ایجنڈا ہے ، وہ کمیشن یہ رپورٹ بنائے کہ ماضی میں کس کا کیا کردار رہا ہے۔