تل ابیب (سب نیوز)غزہ جنگ سے اسرائیل کو 50ارب ڈالرز سے زائد نقصان کا ہونے کا امکان ہے ۔یہ بات ایک اسرائیلی اخبار کی رپورٹ میں بتائی گئی جس میں وزارت خزانہ کے ابتدائی اعداد و شمار کا حوالہ دیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق اس جنگ کے نتیجے میں اسرائیل کو 200 ارب شیکل(51ارب ڈالرز)کا نقصان ہوگا۔یہ رقم اسرائیل کے جی پی ڈی کے 10 فیصد حصے کے برابر ہے۔رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ اگر جنگ 8 سے 12 مہینے تک جاری رہتی ہے تو اتنا نقصان ہوگا۔درحقیقت نقصان کا یہ تخمینہ حزب اللہ، ایران یا یمن کی جانب سے جنگ میں شمولیت کے بغیر ہے اور یہ بھی تصور کیا گیا ہے کہ ریزرو فوجی دستوں کا حصہ بننے والے ساڑھے 3 لاکھ اسرائیلی جلد دوبارہ اپنے روزگار کی جانب لوٹ جائیں گے۔
اسرائیلی اخبار کے مطابق وزارت خزانہ نے 200 ارب شیکل کا نقصان پرامیدتخمینہ قرار دیا ہے۔دوسری جانب اسرائیلی وزارت خزانہ کا کہنا تھا کہ اخبار کا ڈیٹا درست نہیں۔رپورٹ میں بتایا گیا کہ اس تخمینے کے مطابق روزانہ ایک ارب شیکل کے دفاعی اخراجات ہو سکتے ہیں جبکہ مزید 40 سے 60 ارب شیکل کا نقصان مختلف کاروباری سرگرمیاں روکنے سے ہوگا۔اسی طرح 17 سے 20 ارب شیکل کاروباری اداروں کو نقصان کی تلافی کے لیے ادا کیے جائیں گے جبکہ 10سے 20 ارب شیکل بحالی نو کے لیے درکار ہوں گے۔

