اسلام آباد(آئی پی ایس )چیئرمین پی ٹی آئی کی چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ پر اعتراض سے متعلق درخواست پر عدالت نے فریقین کو نوٹسز جاری کر دیے۔ چیف جسٹس عامر فاروق نے درخواست پرفریقین کو نوٹسز جاری کردیئے، چیف جسٹس عامر فاروق نے ریمارکس دیے کہ ضرورت پڑی تومعاملے پرکسی سینئرقانون دان کو عدالتی معاون مقرر کریں گے، فی الحال الیکشن کمیشن کو عدالتی معاونت کیلئے نوٹس جاری کررہے ہیں۔
چیف جسٹس نے کہا کہ درخواست پر رجسٹرار آفس اعتراضات برقرار رہیں گے ابھی نمبر نہیں لگے گا، ہم کوئی غلط مثال قائم نہیں کرنا چاہتے جو ادارے کیلئے ٹھیک نہ ہو، ابھی اس درخواست کو التوا میں رہنے دیں۔وکیل چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ مجھے موکل کی طرف سے ہدایات ہیں کہ اس کیس کی پیروی کرنی ہے، جس پر چیف جسٹس عامر فاروق نے کہا کہ اگر آپ اصرار کررہے ہیں تو پھر فریقین کو نوٹس جاری کردیتے ہیں۔چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ عامرفاروق نے کہا کہ اعظم سواتی کیس میں تفصیل سے رائے دے چکے ہیں، اس کیس کی آپ پیروی کرنا چاہتے ہیں تو کسی مدلل نتیجے پہنچیں گے،
عدالت نے کیس کی سماعت ملتوی کردی۔ خیال رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں ایک درخواست دائر کی ہے جس میں انہوں نے چیف جسٹس عامر فاروق پر عدم اعتماد کا اظہار کیا ہے۔اسلام آباد ہائی کورٹ میں پیر کو دائر کی گئی درخواست میں عمران خان کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا ہے کہ انہیں چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ عامر فاروق سے انصاف کی توقع نہیں ہے لہذا وہ ان کے کیسز نہ سنیں۔
