اسلام آباد ( سب نیوز)پاکستان ورکرزفیڈریشن کے جنرل سیکرٹری اور قائد مزدور یونین (سی بی اے)چوہدری محمد یٰسین نے وفد کے ہمراہ سپیکرقومی اسمبلی راجاپرویز اشرف سے ملاقات کی اورسی ڈی اے ملازمین کودرپیش مسائل سے آگاہ کیااس کے ساتھ ساتھ پاکستان بھر کے مزدوروں کودرپیش مسائل جس میں کم سے کم اجرت پر عمل درآمد نہ ہونا،آنے والے بجٹ میں ملازمین کی تنخواہوں میں مہنگائی کے تناسب سے اضافہ،ای اوبی آئی بڑھاپاپنشن میں اضافے سمیت دیگرمسائل کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی،اس موقع پر مزدور یونین کے سینئر وائس چیئرمین مرزاسعید اختر،ڈپٹی جنرل سیکرٹری اسد محمود،چوہدری طارق گجر،شفیع اللہ خان،صفدرعباسی،چوہدری عابد،محمد سلیم بھٹی،راجہ غلام مرتضیٰ،محمد یوسف بٹ،ملک سجادحسین سمیت دیگرعہدیداران بھی موجود تھے۔
اس موقع پر سپیکرقومی اسمبلی راجا پرویز اشرف نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی مزدوروں کی جماعت ہے اور ہمیشہ مزدوروں کے حقوق کی بات کی ہے، پاکستان کی معیشت میں مزدورریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے اور اس شعبے کو بہتربنانے کے لیے عملی اقدامات کرنا اور انکی فلاح و بہبود کو یقینی بنانا ملک کی پائیدارترقی کے لیے بہت ضروری ہے،موجودہ عوام دوست حکومت مزدوروں کے مسائل سے بخوبی آگاہ ہے اور آنے والے بجٹ میں تمام سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور پنشن میں مہنگائی کے تناسب سے اضافہ کیا جائے گا اور غریب اور متوسط طبقے کی ضروریات کو مدنظررکھ کر بجٹ پیش کیا جائے گا اس کے علاوہ انھوں نے مزدورو ں کو درپیش مسائل کو ترجیح بنیادوں پر حل کرنے کی یقین دہانی کروائی۔
بجٹ میں سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور پنشن میں اضافہ کیا جائے گا،سپیکر قومی اسمبلی
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔