ہومبریکنگ نیوزاصل دہشت گرد وہ ہیں جنہوں نے بھارت میں اقلیتوں کا جینا حرام کردیا ہے:بلاول بھٹو

اصل دہشت گرد وہ ہیں جنہوں نے بھارت میں اقلیتوں کا جینا حرام کردیا ہے:بلاول بھٹو

مظفر آباد: وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ اصل دہشت گرد وہ ہیں جنہوں نے بھارت میں مسلمانوں اور دیگر اقلیتوں کا جینا حرام کردیا ہے۔مظفر آباد میں عوامی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ جب میں پاکستان میں ہوتا ہوں تو سیاسی جماعتوں سے اختلافات ہو سکتے ہیں لیکن جب میں ملک سے باہر جاتا ہوں تو سب کی یکساں نمائندگی کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ باغ کے عوام نے مودی کی جی ٹوئنٹی کانفرنس کا آج کے اجتماع میں منہ توڑ جواب دے دیا ہے۔

بلاول بھٹو زرداری کا کا کہنا تھا کہ پاکستان کے مسائل وقتی ہیں، مودی کشمیر میں ڈرامے کرنے کی کوشش کررہا ہے۔ ہم کشمیر کے عوام کے ساتھ شانہ بہ شانہ کھڑے ہیں۔ میں کہیں بھی جاتا ہوں تو پاکستان کی بات کے ساتھ سب سے پہلے کشمیر کی بات کرتا ہوں۔ پوری دنیا کشمیر کو متنازع علاقہ تسلیم کرتی ہے۔جب میں اقوام متحدہ میں جاتا ہوں تو اسلام آباد کے ساتھ مقبوضہ کشمیر اور سری نگر کے عوام کی نمائندگی بھی کرتا ہوں۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ ہمیں کہا جاتا کہ پاکستان کے تو بہت سے مسائل ہیں، دنیا کافی آگیچلی گئی ہے۔ آپ کیوں بار بار کشمیر کا نام لیتے ہیں تو میرا جواب ہوتا ہے کہ ضرور ہمارے اپنے مسائل ہیں مگر ان مسائل کا مقابلہ ہم کریں گے۔ ہمارا کشمیر کے عوام کے ساتھ جو تعلق یہ تو نسلوں کا ساتھ ہے۔ میں اپنے خاندان کی تیسری نسل ہوں جو کشمیر کی جدوجہد اور نمائندگی کررہا ہوں۔ہم شہدا کے وارث ہیں اور یہ شہدا کی سرزمین ہے اور ان شا اللہ ہم آپ کے مسائل کے حل کے لیے آپ کی جدوجہد کے ساتھ ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ میں جب اقوام متحدہ میں جاتا ہوں تو پوری دنیا کو باور کرواتا ہوں کہ کشمیر کا مسئلہ پاکستان اور بھارت کا مسئلہ نہیں ہے۔ یہ سب سے پہلے کشمیر کے عوام کا مسئلہ ہے اور پھر دنیا کے لیے ایک مسئلہ ہے ۔وہ اس لیے کہ اسی اقوام متحدہ کی قراردادوں کی وجہ سے پوری دنیا تسلیم کر چکی ہے کہ کشمیر ایک عالمی مسئلہ ہے۔ یہ عالمی تنازع ہے اور جب تک رائے شماری مکمل نہیں ہوگی جب تک کشمیر کے عوام اپنی قسمت کا فیصلہ خود نہیں کریں گے، تب تک یہ مسئلہ حل نہیں ہو سکتا۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔