اسلام آباد، اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ آئین کی بالا دستی اور قانون کی حکمرانی ملکی ترقی کے لیے ناگزیر ہے، ملک کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے آئین پاکستان کی اصل روح کو اپنانے کی ضرورت ہے، آئین پاکستان ریاست کے ہر شہری کو یکساں حقوق فراہم کرتا ہے ،آئین کے تقدس کو برقرار رکھنا ہم سب کی اولین ذمہ داری ہے، 48 سال قبل ملک کی پہلی جمہوری طور پر منتخب ہونے والی پارلیمنٹ کے نمائندوں نے متفقہ طور پر آئین پاکستان کی منظوری دی۔تفصیلات کے مطابق ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری سے ملاقات کے بعد اپنے ایک بیان میں اسپیکر اسد قیصرنے کہا کہ جمہوریت کا اصل مقصد آئین کی بالادستی اور قانون کی حکمرانی ہے،جمہوری قوتوں نے ہمیشہ آئین اور جمہوریت کی بحالی کے لیے اپنی کوشش جاری رکھیں ہیں۔انہوں نے کہا کہ آئین کی بالادستی اور جمہوریت کی بحالی کے لیے قربانیاں دینے والے کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا،موجودہ سیاسی قیادت کی ذمہ داری ہے کہ وہ آئین پر عمل درآمد کو یقینی بنائے۔اسپیکرقومی اسمبلی نے کہا کہ وفاقی اکائیوں کو آئین میں دیے گئے اختیارات اور شہریوں کے بنیادی حقوق کے تحفظ کو یقینی بنانے کی ضرورت ہے،آج کا تاریخی دن ہمیں اس مقدس دستاویز کے ہر حرف کا تحفظ کرنے کے عہد کا موقع فراہم کرتا ہے۔ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری نے کہا کہ آئین کا دن منانے کا مقصد اس کی بالادستی کو برقرار رکھنا ہے، آنے والی نسلوں کے لیے دستور کی اہمیت و افادیت کو اجاگر کرنا ہماری زمہ داری میں شامل ہے۔انہوں نے کہا کہ آئین کی بالادستی ہی ملک کو ترقی کی راہ پر گامزند کر سکتی ہے۔
آئین کی بالادستی اور جمہوریت کی بحالی کے لیے قربانیاں دینے والے کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا،اسپیکر قومی اسمبلی
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔
