ہومپاکستانچیئرمین سینیٹ نے صدر ترکیہ طیب اردوغان کو "نوبل امن انعام" کیلئے نامزد کر دیا

چیئرمین سینیٹ نے صدر ترکیہ طیب اردوغان کو “نوبل امن انعام” کیلئے نامزد کر دیا

اسلام آباد(سب نیوز )چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے صدر ترکیہ رجب طیب اردوغان کو بین الاقوامی “نوبل امن انعام” کیلئے نامزد کر دیا۔نوبل امن انعام ان لوگوں کو دیا جاتا ہے جنہوں نے امن کیلیے یا جاری تنازعات کو حل کرنے کے لیے کوئی غیر معمولی اقدام کیا ہو۔ چیئر مین سینٹ کے مطابق صدر رجب طیب اردوغان کی نامزدگی روس یوکرین تنازعے کے بعد امن کیلیے ان کے کردار اور کوششوں کی روشنی میں کی گئی ہے۔ یہ جنگ تیزی سے ایک ایٹمی فلیش پوائنٹ میں تبدیل ہو گئی تھی۔ یوکرین جنگ پوری دنیا کے لیے تباہی کا باعث بن سکتی تھی۔ صدر ترکیہ نے اپنی انتھک کوششوں، دونوں فریقوں کے ساتھ بروقت اور موثر رابطہ کاری کے ذریعے دنیا کو بڑی تباہی سے بچایا۔ ” بلیک سی گرین” منصوبے نے بھی اس خطے کو تباہ کن قحط سے بچایا۔ صدر اردگان ایک سچے اور عوامی رہنما ہیں۔ صدر اردوغان نہ صرف اپنے ملک بلکہ خطے اور بالعموم پوری دنیا کی بہتری اور خوشحالی کے لیے ہمیشہ کوشاں رہتے ہیں۔ صدر اردوغان تمام انسانیت کے لیے امن، رواداری اور محبت کے حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے حقیقی پیغام اور تعلیمات کو لے کر چلتے ہیں۔ صدر اردگان کی اسلامی تعلیمات سے متعلق غلط فہمیوں کو دور کرنے کیلئے کوششیں باعث فخر ہیں۔ صدر رجب طیب اردوغان کو نوبل انعام کے لیے نامزد کرنے پر خوشی محسوس کر رہا ہوں۔ مجھے امید ہے کہ نارویجین نوبل کمیٹی صدر اردوغان کی عالمی امن کیلیے غیر معمولی اور بے مثال کوششوں کو ضرور زیر غور لائے گی ۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔