کراچی(نیوزڈیسک)جامعہ کراچی میں اساتذہ کا بائیکاٹ جاری ہے، جس کی وجہ سے 46 ہزار سے زائد طلبہ تدریس سے محروم ہیں۔
تفصیلات کے مطابق انجمن اساتذہ جامعہ کراچی کا مطالبات کی منظوری کے لیے کلاسز کا مکمل بائیکاٹ جاری ہے، صبح کی کلاسوں کے بائیکایٹ کا دوسرا جب کہ شام کی کلاسز کا 11 واں روز ہے۔
انجمن اساتذہ کراچی یونیورسٹی کے احتجاج کے باعث چھیالیس ہزار سے زائد طلبہ و طالبات کا تعلیمی نقصان ہو رہا ہے۔
انجمن کا کہنا ہے کہ مطالبات کی منظوری تک بائیکاٹ جاری رہے گا، ان کا مطالبہ ہے کہ شام کی کلاسوں کے اساتذہ کے بقایات ادا کیے جائیں، اور صبح کی کلاسوں کے اساتذہ کو ایڈہاک ریلیف بھی ادا کیا جائے۔ انجمن اساتذہ جامعہ کراچی کے مطابق سندھ حکومت کی جانب سے اضافہ شدہ تنخواہ بھی نہیں دی جا رہی ہے۔
ادھر انتظامیہ جامعہ کراچی نے کہا ہے کہ اساتذہ کی ایم فل اور پی ایچ ڈی فیس معاف کر دی گئی ہے، اور ایک سال میں ساڑھے گیارہ کروڑ روپے ادا کیے جا چکے ہیں، انتظامیہ نے کہا کہ اساتذہ مالی وسائل کی صورت حال کو بھی مد نظر رکھیں۔
انتظامیہ نے انجمن اساتذہ سے اپیل کی ہے کہ مسائل کا حل مذکرات کے ذریعے نکالا جائے بائیکاٹ کے ذریعے نہیں، کیوں کہ تدریس کو معطل کرنا طلبہ کا نقصان ہے۔
جامعہ کراچی میں اساتذہ کا بائیکاٹ جاری، 46 ہزار سے زائد طلبہ تدریس سے محروم
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔