Sunday, September 8, 2024
ہومپاکستانچھٹی تا بارہویں جماعت کیلئے نصاب کو حتمی شکل دی جائے،وزیر اعظم کی ہدایت

چھٹی تا بارہویں جماعت کیلئے نصاب کو حتمی شکل دی جائے،وزیر اعظم کی ہدایت

اسلام آباد،وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ نصاب تعلیم میں ضرورت کے مطابق تبدیلیاں لائی جائیں۔تفصیلات کے مطابق پیر کو وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت قومی یکساں نصاب تعلیم پر عمل سے متعلق جائزہ اجلاس ہوا۔ اجلاس کو نصاب تعلیم میں شامل سیرت النبیۖ کی تعلیمات کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔ اجلاس کے شرکا کو بتایا گیا کہ تمام مکاتب فکر اور علمائے کرام سے تفصیلی مشاورت کی گئی ہے جبکہ اساتذہ کی تربیت اور امتحانات کے معیار پر توجہ دی گئی ہے۔اس موقع پر وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ سیرت النبیۖ ہی ہماری نئی نسل کے لیے مشعل راہ ہے اور نبیۖ کی سیرت کا اہم پہلو اخلاق و آداب اور حسن معاشرت ہے۔ انہوں ہدایت کی کہ رسول اللہۖ کی حیات مبارکہ سے ماخذ سنہرے اصول بچوں کو پڑھائے جائیں اور یکساں نصاب تعلیم پر عمل صوبائی حکومتوں کے اشتراک سے جلد مکمل کیا جائے۔وزیر اعظم نے وزارت تعلیم کی قومی نصاب پر عمل کی اب تک کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ہدایت کی کہ نصاب تعلیم پر عمل کا مسلسل جائزہ لیا جائے اور نصاب تعلیم میں ضرورت کے مطابق تبدیلیاں لائی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ چھٹی تا بارہویں کے لیے نصاب کو رواں سال کے آخر تک حتمی شکل دے دی جائے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔