Sunday, January 19, 2025
ہومپاکستانوزیراعظم کا وفاقی حکومت میں ای آفس پر عملدرآمد نہ ہونے پر برہمی کا اظہار

وزیراعظم کا وفاقی حکومت میں ای آفس پر عملدرآمد نہ ہونے پر برہمی کا اظہار

اسلام آباد(آئی پی ایس )وزیراعظم شہباز شریف نے وفاقی حکومت میں ای آفس پر عملدر آمد نہ ہونے پر سخت برہمی کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعظم کی بار بار ہدایت کے باوجود وفاقی وزارتوں اور ڈویژنز کی عدم دلچسپی کے باعث ای آفس کے احکامات پر تعمیل نہ ہوسکی

وزیراعظم نے وفاقی حکومت میں ای آفس پر عملدرآمد نہ ہونے پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے وزارتوں کے مابین خط و کتابت کے لیے ای آفس کے استعمال کو لازمی قرار دے دیا۔وزیراعظم آفس نے ای آفس کے نفاذ پر تمام وزارتوں، ڈویژنز کو ایک بار پھر مراسلہ ارسال کردیا، ای آفس کے استعمال پر زور دینے کے لیے مراسلہ میں سخت ہدایات جاری کی گئی ہیں۔

مراسلہ میں کہا گیا ہے کہ تمام وزارتوں کے مابین خط و کتابت کو خصوصی طور پر ای آفس کے ذریعے یقینی بنایا جائے، مراسلہ میں فزیکل کمیونی کیشن کو مستر د کرکے ای آفس کے ذریعے خط و کتابت کو دوبارہ جمع کرانے کی ہدایت کی گئی ہے۔وزیراعظم آفس کی جانب سے جاری مراسلہ میں مزید کہا گیا ہے کہ وزارت آئی ٹی اور این آئی ٹی بی ای آفس کے استعمال پر جامع رپورٹ تیار کرکے جمع کرائیں، رپورٹ میں وزارتوں میں ای آفس کی تعمیل سے متعلق تفصیلی اعدادوشمار شامل ہونے چاہئیں۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔