پشاور(آئی پی ایس ) خیبر پختونخوا کی جیلوں کی ریفارمزکیلئے ذیلی کمیٹی قائم کردی گئی۔سپریم کورٹ میں چیف جسٹس یحیی آفریدی کی زیر صدارت اجلاس ہوا ، اجلاس میں خیبر پختونخوا کی جیلوں کی ریفارمز کے متعلق مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
سپریم کورٹ کے اعلامیہ کے مطابق چیف جسٹس یحیی آفریدی نے جوڈیشل ریفارمز اجلاس میں خیبر پختونخوا کی جیلوں کی ریفارمزپرذیلی کمیٹی قائم کرتے ہوئے جسٹس اعجاز انور خان کو سربراہ مقرر کردیا۔اعلامیہ میں بتایا گیا کمیٹی کے ارکان میں جسٹس (ر) قلندر علی خان، عائشہ بانو، فضل شکور، احمد کریم کنڈی کو شامل کیا گیا، کمیٹی مختلف جیلوں کا دورہ بھی کرے گی اور کارکردگی رپورٹ مرتب کرے گی۔
علاوہ ازیں چیف جسٹس کی سربراہی میں اجلاس میں شہدا کرم کیلئے فاتحہ بھی کی گئی، دوسری جانب چیف جسٹس نے معمولی جرائم میں قید 1289 قیدیوں کی رہائی پر پشاور ہائیکورٹ کے اقدام کو سراہا اور دہشتگردی کے خلاف خیبرپختونخوا پولیس کی بہادری کی بھی تعریف کی۔