Monday, July 8, 2024
ہومدنیاایران میں صدارتی انتخابات کا دوسرا مرحلہ آج ، پولنگ شروع

ایران میں صدارتی انتخابات کا دوسرا مرحلہ آج ، پولنگ شروع

تہران (آئی پی ایس) ایران میں صدارتی انتخابات کے رن آف مرحلے کیلئے پولنگ کا آغازہوگیا ، دوسرے مرحلے میں مسعود پزشکیان اور سعید جلیلی میں مقابلہ ہے ۔
عالمی میڈیا رپورٹس کے مطابق ایران کے صدارتی انتخاب میں کوئی بھی امیدوار 50 فی صد سے زائد ووٹ حاصل نہ کر سکا جس کے بعد اب زیادہ ووٹ حاصل کرنے والے دو امیدواروں کے درمیان آج دوبارہ انتخابی مقابلہ ہو گا۔
یہ امیدوار اصلاحات پسند مسعود پزیشکیان اور انتہائی قدامت پسند سیاست دان سعید جلیلی ہیں، دونوں امیدواروں کو 40 فیصد ووٹ حاصل ہوئے ہیں تاہم مسعود پزشکیان کو معمولی سی برتری حاصل ہے۔
ایرانی سپریم لیڈر آیت اللّٰہ خامنہ ای نے عوام سے زیادہ سے زیادہ ووٹنگ میں حصہ لینےکی اپیل کی ہے۔
خامنہ ای نے کہا کہ صدارتی انتخابات کے پہلے مرحلے میں ووٹنگ ٹرن آؤٹ توقع سے کم رہا، امید ہے کہ دوسرے مرحلے میں ووٹرز کی تعداد زیادہ اور مملکت کے لیے باعث فخر ہوگی۔
ایرانی وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ 28 جون کو ہونے والے صدارتی انتخابات کے پہلے مرحلے میں ووٹنگ ٹرن آؤٹ 40 فیصد رہا تھا۔
خیبر ایجنسی کے مطابق 28 جون کےصدارتی انتخابات میں ووٹنگ ٹرن آؤٹ 1979 کے بعد سے سب سے کم تھا۔
واضح رہے کہ ایران میں صدارتی انتخاب آئندہ برس ہونا تھے تاہم گزشتہ ماہ صدر ابراہیم رئیسی کی ہیلی کاپٹر حادثے میں انتقال سے خالی ہونے والے عہدے پر انتخاب ہو رہا ہے، صدر ابراہیم رئیسی، وزیر خارجہ اور آیت اللہ خامنہ ای کے ترجمان گزشتہ ماہ ہیلی کاپٹر حادثے میں جاں بحق ہو گئے تھے۔
ایران میں ایسے موقع پر صدارتی انتخابات ہو رہے ہیں جب ملک کو اندرونی طور پر مہنگائی اور بین الاقوامی سطح پر اسرائیل اور حماس کے درمیان جاری جنگ کی وجہ سے چیلنجز کا سامنا ہے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔