Monday, July 8, 2024
ہومپاکستانانتخابات کو کالعدم قرار دینے سے مارشل لا کا راستہ ہموار ہو گا، اکبر ایس بابر

انتخابات کو کالعدم قرار دینے سے مارشل لا کا راستہ ہموار ہو گا، اکبر ایس بابر

اسلام آباد (سب نیوز )پاکستان تحریک انصاف کے بانی منحرف رہنما اکبر ایس بابر نے کہا ہے کہ اگر انتخابات پر عدم اعتماد کی چیزیں شروع ہو جائیں تو یہ مارشل لا کا راستہ ہموار کرتی ہیں،اگر انٹرا پارٹی انتخابات کو فل کورٹ نے سنا تو فارن فنڈنگ کیس کو بھی فل کورٹ میں لگانے کی درخواست دائر کروں گا ۔

اتوار کو جاری اپنے ایک ویڈیو بیان میں انہوں نے کہا کہ آج کل مخصوص نشستوں سے متعلق کیس کی سماعت کے دوران بہت ساری نئی اصلاحات سامنے آ رہی ہیں ، میں سمجھتا ہوں کہ آئین میں جو کچھ درج ہے اس کی آپ کسی اور انداز میں تشریح کرنا چاہیں یا اس میں کوئی لچک پیدا کرنے کی کوشش کریں تو اسے نظریہ ضرورت کہتے ہیں، نظریہ ضرورت کا درواز اگر ایک بار کھولا گیا تو اسے بند کرنا مشکل ہو جائے گا ۔

اکبر ایس بابر نے کہا کہ برما میں عام انتخابات میں دھاندلی کے الزامات لگا کر مارشل لگایا گیا جو آج تک جاری ہے ، قانون سے ہٹ کر کسی قسم کی لچک پیدا کرنے کی کوشش کی گئی تو یہ تاثر جائے گا کہ ایک جماعت کی سہولت کاری کی جا رہی ہے اور یہ جوڈیشل مارشل لا کی شکل اختیار کر جائے گا اور اسکا نقصان ناقابل تلافی ہو گا اور وہ حقیقی مارشل لا کے دروازے کھولے گا۔ انہوں نے کہا کہ اگر انٹرا پارٹی انتخابات کو فل کورٹ نے سنا تو فارن فنڈنگ کیس کو بھی فل کورٹ میں لگانے کی درخواست دائر کروں گا ،فارن فنڈنگ کیس کے فیصلے میں ثابت ہو چکا ہے کہ پی ٹی آئی فارن فنڈڈ پارٹی ہے ، تحریک انصاف کی فارن فنڈنگ کے معاملے کا کچا چٹھا قوم کے سامنے کھلنا چاہئے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔