Sunday, September 8, 2024
ہوماسلام آبادڈاکٹر رمیش کی ہولی پر ہندو سرکاری ملازمین کیلئے عام تعطیل و پیشگی تنخواہ ادائیگی کی درخواست

ڈاکٹر رمیش کی ہولی پر ہندو سرکاری ملازمین کیلئے عام تعطیل و پیشگی تنخواہ ادائیگی کی درخواست

اسلام آباد (سب نیوز) اقلیتی ممبر قومی اسمبلی ڈاکٹر رمیش کمار وانکوانی نے وزیر اعظم پاکستان اور صوبائی وزرائے اعلیٰ سے درخواست کی ہے کہ ہولی کے مقدس تہوار کے موقع پر ہندو ملازمین کیلئے پیشگی تنخواہ کی بروقت ادائیگی یقینی بناتے ہوئے عام تعطیل کا اعلان کیا جائے۔

ڈاکٹر رمیش کمار، جو پاکستان ہندو کونسل کے سرپرست اعلیٰ بھی ہیں، نے اپنے خط میں تحریر کیا کہ میں یہ امر آپ کے نوٹس میں لانا چاہتا ہوں کہ ہندو برادری کا سب سے اہم تہوار ہولی 25 مارچ 2024 کو منایا جائے گا

اس سلسلے میں میری قرارداد قومی اسمبلی میں پہلے ہی منظور ہو چکی ہے کہ متعلقہ اقلیتی برادری کے مذہبی تہواروں پر عام تعطیل ہونی چاہیے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہندو دھرم سے تعلق رکھنے والے وفاقی اور صوبائی ملازمین کو ہولی کا تہوار مذہبی جوش و خروش سے منانے کیلئے پیشگی تنخواہ کی ادائیگی یقینی بنائی جائے۔

ڈاکٹر وانکوانی نے مارچ 2016 میں قومی اسمبلی میں قرارداد پیش کی تھی جس میں کہا گیا تھا کہ حکومتِ پاکستان کو ہولی، دیوالی اور ایسٹر کو اقلیتوں کے لیے عام تعطیلات قرار دینے کیلئے اقدامات کرنے چاہییں۔

ڈاکٹر رمیش کمار کے بقول مذکورہ اقدام پاکستان کا مثبت امیج اجاگر کرنے کیلئے ناگزیر ہے، واضح رہے کہ امریکہ سمیت کئی دیگر ممالک میں بھی عید کے موقع پر اور بھارت میں محرم کے موقع پر مذہبی اقلیتی کمیونٹی کو سرکاری تعطیلات دی جاتی ہیں۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔