اسلام آباد:وفاقی وزیر امور کشمیر، گلگت بلتستان، سیفران اور صدر مسلم لیگ ن خیبرپختونخوا انجینئر امیر مقام سے سابق وزیراعظم آزاد جموں کشمیر راجہ فاروق حیدر خان کی قیادت میں مسلم لیگ (ن) آزاد جموں کشمیر کے وفد نے جمعرات کو ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران آزاد جموں کشمیر کی پارٹی اور مجموعی سیاسی صورتحال سے متعلق باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔وفد میں سیکرٹری جنرل طارق فاروق، سیکرٹری اطلاعات افتخار گیلانی، ڈاکٹر نجیب نقی، سردار طارق محمود، سردار عبدالخالق وصی اور ملک ذوالفقار شامل تھے۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوے وفاقی امور کشمیر و گلگت بلتستان انجنیئر امیر مقام نے کہا کہ وفاقی حکومت وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف کی ولولہ انگیز قیادت میں پاکستان کو معاشی گرداب سے باہر نکال رہی ہے-
انہوں نے کہا کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں ڈھونگ انتخابات کے ذریعے دنیا کو گمراہ کرنے کی کوشش کی مگر اسے اس میں ناکامی ہوئی ۔انہوں نے سبز ہلالی پرچم کی محبت میں جانیں قربان کرنے والے اور گھر بار چھوڑنے والے عظیم کشمیریوں کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا ۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان کشمیریوں کی سیاسی ،اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا ۔انہوں نے کہا کہ بہادر کشمیریوں نے الحاق پاکستان کی جدوجہد کو جاری رکھا ہوا ہے اور اس سلسلے میں عظیم قربانیاں دی ہیں ۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن ملک کی سب سے بڑی سیاسی جماعت ہے جس کے قائد محمد نواز شریف نے پاکستان کو ایٹمی قوت بنا کر دنیا بھر میں پاکستان کو اہم مقام دیا ۔انہوں نے کہا کہ پانچ سال مسلم لیگ ن نے آزادکشمیر کے عوام کی بھرپور خدمت کی اور ترقیاتی منصوبوں کا جال بچھایا ۔انہوں نے کہا کہ آزادکشمیر میں مسلم لیگ ن کے کارکنوں کو کسی قسم کی پریشانی نہیں ہونی چاہیے ان کے مفادات کا بھرپور تحفظ کریں گے اور ان کی عزت و توقیر میں کسی قسم کی کمی نہیں آنے دیں گے ۔انہوں نے کہا کہ کارکن متحد رہیں اور اگلے انتخابات کی تیاری کریں تاکہ مسلم لیگ ن کامیاب ہو کر پھر عوام کی خدمت کا سلسلہ جاری رکھیں ۔
پاکستان کشمیریوں کی سیاسی ،اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا ،امیر مقام
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔