Saturday, July 27, 2024
ہومپاکستانآزاد کشمیر انتخابات،وزیراعظم کی سردار تنویر الیاس کو مہم تیز کرنے کی ہدایت، پارٹی امور پر رپورٹ طلب

آزاد کشمیر انتخابات،وزیراعظم کی سردار تنویر الیاس کو مہم تیز کرنے کی ہدایت، پارٹی امور پر رپورٹ طلب

میانوالی(آئی پی ایس )وزیراعظم پاکستان عمران خان نے آزادکشمیر کے آمدہ انتخابات میں کامیابی حاصل کرنے کیلئے سردار تنویر الیاس کو مہم تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے پارٹی امور پر تفصیلی رپورٹ طلب کرلی۔ وزیراعظم پاکستان عمران خان اور وزیراعلی پنجاب کے معاون خصوصی و پی ٹی آئی کے سینئر رہنما سردار تنویر الیاس خان کے درمیان آزادکشمیر کی سیاست اور آمدہ الیکشن بارے تفصیلی گفتگو ہوئی جس میں وزیر اعظم عمران خان نے سردار تنویر الیاس خان کو آزادکشمیر کے آمدہ الیکشن کیلئے پارٹی کی مہم مزید موثر اور تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے یہ ذمہ داری بھی دی کہ پارٹی کی اب تک کی الیکشن تیاریوں سمیت دیگر تمام امور پر تفصیلی رپورٹ دیں۔عمران خان نے سردار تنویر الیاس خان کو کہا کہ ہم نے آزادکشمیر کے انتخابات جیتنے ہیں خواہ ہمیں سخت اور مشکل فیصلے ہی کیوں نہ کرنا پڑیں۔عمران خان نے کہا کہ پارٹی تبھی الیکشن جیت سکے گی جب پارٹی مضبوط اور متحد ہو۔عمران خان نے ان خیالات کا اظہار میانوالی میں مختلف تقریبات کے دوران سردار تنویر الیاس خان سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔سردار تنویر الیاس خان نے وزیر اعظم پاکستان کو بتایا کہ آپ کی ہدایت کے مطابق آزادکشمیر میں سیاسی سرگرمیوں اور پارٹی کی مضبوطی کیلئے کام شروع کیا ہے، پارٹی میں موجود جمود طویل عرصے بعد ٹوٹ چکا ہے۔پارٹی کو آزادکشمیر میں مضبوط کرنے کیلئے پارٹی کے چیف آرگنازئزر سیف اللہ نیازی بہترین کام کر رہے ہیں اور ہم بھی قد آور سیاسی شخصیات کی پی ٹی آئی میں شمولیت انہی کے ذریعے کرا رہے ہیں ، ہم نے پارٹی کو مضبوط اور منظم کرنے کیلئے اپنی مہم تیز کی ہوئی ہے لیکن بد قسمتی سے پارٹی گروپ بندی کا شکار ہوتی نظرآرہی ہے جس کی وجہ سے نہ صرف پارٹی کے اندر کنفوژن ہے بلکہ لوگوں کی شمولیت میں بھی مشکلات پیش آرہی ہیں ، آمدہ الیکشن میں ہمارا مقابلہ حکمران جماعت مسلم لیگ نواز سمیت دیگر سیاسی جماعتوں سے ہے۔انہوں نے وزیر اعظم کو یقین دہانی کرائی کہ پارٹی میں مزید قد آور اور صاف ستھرے لوگ شامل ہوسکتے ہیں۔ وزیر اعظم عمران خان کو میانوالی میں مختلف حکومتی منصوبوں بارے سردار تنویر الیاس خان نے تفصیلی بریفنگ بھی دی جس کو وزیراعظم نے پسند کرتے ہوئے کہا کہ پنحاب میں آپ جس قدر متحرک ہو کر کام کر رہے ہیں اس سے ہم مطمئن ہیں اور ہمیں امید ہے کہ پنجاب کی طرح آپ آزاد کشمیر میں پارٹی کو مضبوط کرنے اور الیکشن میں پارٹی کو جتوانے میں کامیاب ہوں گے ۔ وزیر اعظم عمران خان آج 10بلین ٹری سونامی پروگرام کے تسلسل میں میانوالی اور غازی بروتھا میں موسم بہار کی شجرکاری مہم کا پودے لگا کر آغاز کیا اور غازی بروتھا میں نوجوانوں کے لیے کرکٹ گراونڈ کا افتتاح بھی کیا۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔