اسلام آباد (سب نیوز)پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن اسلام آباد کے زیر اہتمام دو روزہ سالانہ کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔تقریب میں ملک بھر سے ڈاکٹرز کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے ڈاکٹرز کمیونٹی کو پاکستان میں عام لوگوں کو صحت کی دیکھ بھال میں لگن اور محنت سے کام کرنے پر انہیں خراج تحسین پیش کیا۔انہوں نے پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن (پی ایم اے) کے ہیلتھ پروفیشنلز کی ہر ممکن مدد کے لیے اپنا کردار ادا کرنے کا اعادہ کیا۔پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن کے صدر پروفیسر ڈاکٹر اختر علی بندیشہ اور جنرل سیکرٹری ڈاکٹر مبشر مشتاق ڈاہا نے پی ایم اے اسلام آباد کی طرف سے PMDC کی بحالی اور PIMS اسلام آباد کو اس کی اصل حالت میں بحال کرنے پر سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف کا شکریہ ادا کیا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ صحت کے شعبے سے وابستہ ڈاکٹرز نے اپنی پیشہ ورانہ مہارت اور لگن سے COVID-19 کے دوران جو قربانیاں دی ہیں ان کی مثال نہیں ملتی۔ انہوں نے کہا کہ پی ایم ڈی سی کی بحالی کا مقصد ڈاکٹر برادری کی مدد کرنا اور عام لوگوں کو صحت کی دیکھ بھال فراہم کرنے میں ان کے اہم کردار کو تسلیم کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہماری ڈاکٹر کمیونٹی اپنی پیشہ ورانہ مہارت اور عزم کی وجہ سے ہمارے دل کے بہت قریب ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ کسی بھی غیر ملکی سرزمین پر جاتے ہیں انہیں ہمیشہ پاکستانی ڈاکٹروں کی تعریفیں سننے کو ملتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہماری قوم پرعزم ہے ہم جو چاہیں حاصل کر سکتے ہیں۔پارلیمانی سیکرٹری برائے موسمیاتی تبدیلی محترمہ ناز بلوچ نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی سے پاکستان میں صحت کے نظام کو شدید خطرات لاحق ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں صحت کی دیکھ بھال کے نظام کو گلوبل وارمنگ سے پیدا ہونے والے نئے چیلنجز کے مطابق تیار کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے پاکستانی ڈاکٹرز کو خاص طور پر ملک میں COVID-19 کی وبائی بیماری سے نمٹنے کے لیے ان کے کردار کو خراج تحسین پیش کیا۔دو روزہ تقریب کی میں ڈاکٹرز کی ٹریننگ کیلئے خصوصی لیکچر کا اہتمام بھی کیا گیا۔پی ایم اے سینٹر کے عہدران نے سالانہ تقریب کی اہتمام پر پی ایم اے اسلام آباد کو سراہا۔
پی ایم اے کے زیر اہتمام دو روزہ سالانہ کانفرنس کا انعقاد
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔