Thursday, July 3, 2025
ہومپاکستانعوام پر مزید بوجھ ڈالنے کی تیاریاں، پٹرولیم، بجلی مہنگی ہونے کا امکان

عوام پر مزید بوجھ ڈالنے کی تیاریاں، پٹرولیم، بجلی مہنگی ہونے کا امکان

اسلام آباد، حکومت کی جانب سے پیٹرول کی قیمت میں مزید 5 روپے 25 پیسے فی لیٹر اضافہ کیے جانے کا امکان ہے، اوگرا کی پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی سمری پیٹرولیم ڈویژن کوموصول ہو گئی جس میں پیٹرول کی قیمت 5 روپے 25 پیسے فی لیٹر جب کہ ڈیزل کی قیمت میں ساڑھے 3 روپے فی لیٹر تک اضافے کی سفارش کی گئی ،ترجمان اوگرا کی طرف سے بتایا گیا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اعلان کل کیا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق مہنگائی کے ستائے عوام پر مزید بوجھ ڈالنے کی تیاریاں کی جا رہی ہیں، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 5 روپے 25 پیسے فی لٹر اضافے کا امکان ہے۔پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی اوگرا کی سمری پٹرولیم ڈویژن کوموصول ہو گئی ہے، پٹرول 5 روپے 25 پیسے اور ڈیزل کی قیمت میں ساڑھے 3 روپے فی لٹر تک اضافے کی تجویز دی گئی ہے۔قیمتوں میں اضافے کا حتمی فیصلہ وزارت خزانہ وزیراعظم کی مشاورت سے کرے گی، قیمتوں میں ردوبدل کا انحصار پٹرولیم لیوی اور جی ایس ٹی پر ہو گا، اس وقت پٹرول پرپٹرولیم لیوی 5 روپے 62 پیسے فی لٹر ہے۔ ڈیزل پر فی لٹر 5 روپے 14پیسے پٹرولیم لیوی عائد ہے۔ترجمان اوگرا کی طرف سے بتایا گیا ہے کہ اوگرا نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی سفارش کی تھی، وزیراعظم کی مشاورت کے بعد وزارت خزانہ نے ردوبدل کا نوٹیفکیشن جاری کرنا تھا تاہم پٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اعلان اب کل کیا جائے گا۔دوسری طرف بجلی صارفین پر بھی مہنگائی کا بم گرنے کی تیاری مکمل ہے، اور نیپرا میں بجلی ایک ماہ کیلئے بجلی 2 روپیہ 7 پیسے فی یونٹ اضافے کی درخواست پر سماعت مکمل ہوگئی، نیپرا نے سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی کی درخواست پر سماعت کی ۔ نیپرا نے فیصلہ محفوظ کرلیا اور بجلی مہنگی کرنے سے متعلق اپنا فیصلہ بعد میں جاری کرے گا۔سی پی پی اے کی جانب سے درخواست اگست کی فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں دی گئی، جس میں موقف پیش کیا گیا کہ ڈیزل اور فرنس آئل سے مہنگی ترین پیداوار بجلی مہنگی ہونے کی وجہ ہے، گزشتہ ماہ ڈیزل سے 22 روپے 62 پیسے فی یونٹ بجلی پیدا کی گئی، فرنس آئل سے 18 روپے 24 پیسے فی یونٹ بجلی پیدا کی گئی۔ سی پی پی اے نے بجلی ایک ماہ کیلئے 2 روپے 7 پیسے فی یونٹ اضافے کی درخواست کی تھی، تاہم نیپرا کی جانب سے بجلی ایک روپیہ 95 پیسے فی یونٹ اضافے کا امکان ہے، منظوری کی صورت میں صارفین پر 25 ارب روپے کا بوجھ پڑے گا۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔