Friday, June 27, 2025
spot_img
ہومپاکستانبجلی بروقت بحال نہ کرنے پر این ٹی ڈی سی کو مزید ایک کروڑ جرمانہ

بجلی بروقت بحال نہ کرنے پر این ٹی ڈی سی کو مزید ایک کروڑ جرمانہ

نیپرا نے طوفانی ہواوں سے ٹاور گرنے کے بعد بجلی کی سپلائی معطل ہونے اور بروقت بحال نہ کرنے پر نیشنل ٹرانسمیشن اینڈ ڈسپیچ کمپنی (این ٹی ڈی سی)پر ایک کروڑ روپے جرمانہ عائد کردیا۔
تفصیلات کے مطابق مئی 2022 میں طوفانی ہواوں سے 500 کے وی کے دادو۔جامشورو ٹرانسمیشن لائن کے 2 ٹاورز اور پورٹ قاسم۔مٹیاری لائن کے 6 ٹاورز گر گئے تھے، جس کے نتیجے میں 1320 میگاواٹ بجلی سسٹم سے نکل گئی تھی اور جزوی بلیک آٹ کا بھی سامنا کرنا پڑا تھا۔ اس دوران این ٹی ڈی سی بجلی بروقت بحال کرنے میں ناکام رہا تھا، جس پر نیپرا کی جانب سے اسے ایک کروڑ روپے جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔
نیپرا کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ این ٹی ڈی سی کو پورٹ قاسم پاور پلانٹ سے بجلی سپلائی کی بحالی میں تقریبا 10 دن لگے تھے۔ اتھارٹی نے معاملے کا سختی سے نوٹس لیا اور مکمل تحقیقات کے لیے ایک انکوائری کمیٹی تشکیل دی، جس کی رپورٹ پر اتھارٹی نے این ٹی ڈی سی کے خلاف قانونی کارروائی شروع کی تھی ۔
اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ اتھارٹی نے نیپرا ایکٹ کے تحت این ٹی ڈی سی کو شوکاز نوٹس جاری کیا۔ این ٹی ڈی سی مقررہ وقت میں کوئی بھی جواب دینے میں ناکام رہا، تاہم اتھارٹی نے این ٹی ڈی سی کے خلاف کارروائی شروع کی، جس میں این ٹی ڈی سی نیپرا قواعدو ضوابط کی خلاف ورزی کا قصوروار پایا گیا۔
واضح رہے کہ ایک روز قبل ہی نیپرا کی جانب سے ستمبر 2021 میں بلیک آٹ کے دوران بجلی بروقت بحال نہ کرنے پر این ٹی ڈی سی پر ایک کروڑ روپے جرمانہ عائد کیا گیا تھا۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔