Friday, September 20, 2024
ہومدلچسپمذاق ہی مذاق میں بکریوں کے ساتھ ویڈیو کال سروس شروع کرنے والا کسان کروڑ پتی بن گیا

مذاق ہی مذاق میں بکریوں کے ساتھ ویڈیو کال سروس شروع کرنے والا کسان کروڑ پتی بن گیا

لندن،ایک برطانوی کسان اپنے باڑے میں موجود بکریوں کے ساتھ ویڈیو کال سروس کے ذریعے ایک سال میں 50 ہزار پاؤنڈ سے زیادہ (تقریبا ایک کروڑ 10 لاکھ پاکستانی روپے)کما چکا ہے۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق اس کسان نے یہ سروس پچھلے سال مذاق ہی مذاق میں شروع کی تھی اور اعلان کیا تھا کہ اگر کوئی اس کے باڑے میں موجود چھ بکریوں میں سے کسی ایک کو بھی ویڈیو کال پر دیکھنا چاہتا ہے تو اسے پانچ منٹ ویڈیو کال کا 5 پاؤنڈ معاوضہ دینا ہوگا۔کورونا وبا کے باعث سخت لاک ڈاؤن میں بند، اکتائے ہوئے لوگوں نے اس مذاق کو سنجیدگی سے لیا اور بکریوں کو دیکھنے اور ان کے بارے میں جاننے کیلئے ویڈیو کالز کرنا شروع کردیں۔چند دنوں میں بکریوں کے ساتھ ویڈیو کالز اتنی مقبول ہوگئیں کسان کے تمام ملازمین الگ الگ اسمارٹ فونز لے کر صارفین کو ویڈیو کال پر بکریوں سے روبرو کرتے اور ان کے بارے میں بتاتے۔یہی نہیں بلکہ کچھ لوگوں نے زوم پر کانفرنس ویڈیو کال پر ان بکریوں کو دیکھنے کی خواہش ظاہر کی جس دوران وہ ان بکریوں کو دیکھنے کے علاوہ آپس نے ان کے بارے میں باتیں بھی کرتے جارہے تھے۔ اس خصوصی کانفرنس کال کی علیحدہ سے زیادہ رقم لی گئی۔انہوں نے اپنی ویب سائٹ پر صارفین کیلئے یہ سہولت بھی رکھی ہے کہ وہ دوستوں یا رشتہ داروں کے ساتھ کانفرنس کال میں ان کے فارم کی کسی بھی بکری کو شامل کرسکتے ہیں، جس سے ایک طویل کال میں ہونے والی اکتاہٹ ختم کی جاسکتی ہے۔یہ سروس استعمال کرنے والے کئی صارفین اپنے بچوں کے ساتھ کانفرنس کال پر بکریوں کو دیکھتے ہیں اور ساتھ ہی ساتھ اپنے بچوں سے ہنسی مذاق بھی کرتے رہتے ہیں۔کیا بکریوں کے ساتھ ویڈیو کال برطانیہ میں لاک ڈاؤن ختم ہونے کے بعد بھی مقبول رہے گی؟ اس سوال کا جواب جاننے کیلئے اس وقت کا انتظار کرنا ہوگا کہ جب وہاں لاک ڈاون ختم ہوگا۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔