واشنگٹن(اشتیاق احمد، بیورو چیف)امریکا کے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے خلاف مواخذے کی کارروائی سینیٹ میں درکار دو تہائی اکثریت حاصل نہ ہونے کی وجہ سے ختم کردی گئی اور انہیں تمام الزامات سے بری کر دیا گیا۔
سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے خلاف اپنے حامیوں کو اکسانے اور کانگریس کی عمارت پر حملے سے متعلق مواخذے کی کارروائی پر ووٹنگ ہوئی جس میں 7 ریپبلکن سینیٹرز سمیت 57 ارکان نے ٹرمپ کے مواخذے کے حق میں ووٹ دیا۔ سابق صدر ٹرمپ کے مواخذے کی کارروائی کی مخالفت میں 43 ووٹ پڑے، گو عددی اکثریت نے مواخذے کی حمایت کی تاہم آئینی طور پر مواخذے کی کارروائی کے لیے دو تہائی اکثریت ہونا لازمی ہوتی ہے جو حاصل نہ ہو پائی۔اس طرح سابق امریکی صدر ٹرمپ کیپیٹل ہل پر حملے کی ترغیب دینے کے الزام میں اپنے مواخذے سے بچ گئے۔ سابق صدر نے مواخذہ نہ ہونے کو اپنی کامیابی قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایک بلاجواز کارروائی میں سینیٹ کا وقت برباد کیا گیا۔