اسلام آباد(آئی پی ایس)وزیراعظم عمران خان نے سرکاری افسران کی طرف سے عوامی شکایات کو بروقت حل نہ کرنے پر سخت نوٹس لیا ہے اور غیر سنجیدہ اور موثر کارکردگی نہ دکھانے والے سرکاری افسران کے خلاف کارروائی کی گئی ۔ اتوار کو وزیراعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق چیف سیکریٹری پنجاب نے ماتحت 1586 افسران کے ڈیش بورڈ کی جانچ پڑتال مکمل کر لی ہے اور وزیراعظم پرفارمنس ڈیلیوری یونٹ کی رپورٹ وزیراعظم کو پیش کی گئی ہے۔ رپورٹ کے مطابق 263 افسران کو کارکردگی کی بنیاد پر وارننگ، 7 سرکاری افسران کو شوکاز نوٹس جاری کئے گئے ہیں۔ وزیراعظم آفس کی طرف سے 833 افسران کو محتاط رہنے کی ہدایت کی گئی ہے جبکہ 111 افسران سے وضاحت طلب کی گئی ہے۔ وزیراعظم آفس نے 403 سرکاری افسران کی کارکردگی کو سراہا گیا۔ رپورٹ کے مطابق سیکرٹری اطلاعات، زراعت، ایکسائز اور سیکرٹری آبپاشی کو کارکردگی بہتر کرنے کا مراسلہ جاری کیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ وزیراعظم نے کابینہ اجلاس کے دوران سرکاری افسران کی ناقص کارکردگی کا نوٹس لیا تھا۔ وفاقی وزرا نے بھی بیوروکریسی کے غیر سنجیدہ رویے کی شکایت کی تھی۔ وزیراعظم آفس کی طرف سے ڈپٹی کمشنر لاہور، گجرات، شیخو پورہ سمیت پنجاب کے 20 ڈپٹی کمشنرز کو مراسلے جاری کئے گئے ہیں جن میں ہدایت کی گئی ہے کہ تمام افسران عوام کوبہتر سہولیات کی فراہمی کے لیے کارکردگی کو بہتر بنائیں۔ اسسٹنٹ کمشنر رائیونڈ، لیہ، جھنگ، بوریوالا، صادق آباد، ننکانہ صاحب، پنڈی گھیب سمیت 43 اسسٹنٹ کمشنرز کو شوکازنوٹس جاری کئے گئے ہیں۔ وارننگ لیٹر جاری کرنے کا مقصد تمام افسران کو تنبیہ کرنا ہے۔ وزیراعظم آفس کے مطابق وزیراعظم کے وژن کے مطابق عوام کو سہولیات مہیا کرنے کے لیے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔
وزیراعظم کا عوامی شکایات کو بروقت حل نہ کرنے پر سخت نوٹس ،263 افسران کو کارکردگی کی بنیاد پر وارننگ، 7 سرکاری افسران کو شوکاز نوٹس جاری ، 833 افسران کو محتاط رہنے کی ہدایت، 111 افسران سے وضاحت طلب ،403 کا خیرمقدم
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔