Friday, September 20, 2024
ہومپاکستانرمضان شوگر ملز کیس کی سماعت 24فروری تک ملتوی

رمضان شوگر ملز کیس کی سماعت 24فروری تک ملتوی

لاہور،احتساب عدالت نے رمضان شوگر ملز کیس کی سماعت24 فروری تک ملتوی کردی۔ عدالت نے گواہوں کو آئندہ سماعت پر دوبارہ طلب کرلیا۔تفصیلات کے مطابق لاہور کی احتساب عدالت میں سابق وزیراعلی پنجاب شہباز شریف اور حمزہ شہباز کے خلاف رمضان شوگر ملز کیس کی سماعت ہوئی۔ شہباز شریف اور حمزہ شہباز کو عدالت کے روبرو پیش کیا گیا۔ دوران سماعت عدالت نے نیب گواہ کا بیان ریکارڈ کرنے کا حکم دیا تو شہباز شریف نے استدعا کی کہ انکے وکیل کا انتظار کرلیں۔ عدالت نے ریمارکس دئیے کہ قانون میں ملزم کی حاضری ضروری ہے۔قانون کے مطابق وکیل کی موجودگی بیان کے وقت ضروری نہیں۔عدالت نے گواہ کا بیان ریکارڈ کرنے کا حکم دیا تو لیگی رہنما طاہر خلیل سندھو نے نیب پراسیکیوٹر سے تلخ کلامی کی کہ آپ گواہ کو ڈکٹیٹ نہ کریں۔عدالت نے طاہر خلیل سندھو کومخاطب کرتے ہوئیکہا کہ آپ نادان دوست نہ بنیں، آپ کیا چاہتے ہیں، جیل ٹرائل ہو؟ جس پر طاہر خلیل سندھو نے جواب دیا کہ ہم ایسا نہیں چاہتے۔عدالت نے ریمارکس دئیے کہ آپ اس کیس میں وکیل نہیں تو بول کیوں رہے ہیں؟احتساب عدالت کے جج امجد نذیر چوہدری نے شہباز شریف کو روسٹرم پر بلایا اور استفسار کیا کہ آپکے وکیل کون ہیں؟ صرف وکیل کو بولنے کی اجازت ہونی چاہیے۔دوران سماعت ریفرنس کے گواہ غلام مصطفی کا بیان ریکارڈ کیا گیا اور امجد پرویز ایڈووکیٹ نے گواہ ذوالفقار علی کے بیان پر جرح کی۔عدالت نے شہباز شریف اور حمزہ شہباز کو آئندہ سماعت پر پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے دو گواہوں کو بھی طلب کرلیا۔ مزید سماعت24فروری تک ملتوی کردی گئی ۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔