اسلام آباد (سب نیوز )چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا کی زیر صدارت جمعہ کے روز سی ڈی اے کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا. اجلاس میں سی ڈی اے کے ممبر فنانس، ممبر اسٹیٹ، ممبر ایڈمن، ممبر انجینئرنگ، ممبر پلاننگ اینڈ ڈیزائن، ممبر انوائرمنٹ، سی ڈی اے، آئی سی ٹی اور ڈی ایم اے کے سنئیر افسران نے شرکت کی. اجلاس میں سی ڈی اے کی مالیاتی پوزیشن، زرائع آمدن اور ان کو مستقل بنیادوں پر مزید بڑھانے اور تمام ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل کے حوالے سے جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ سی ڈی اے نے امسال ترقیاتی کاموں کیلئے 25 ارب روپے کا ڈویلپمنٹ بجٹ خرچ کیا ہے جو کہ ایک ریکارڈ کامیابی ہے. چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے ہدایت کی کہ سی ڈی اے کو مالیاتی طور پر مضبوط اور خود مختار ادارہ بنانے کیلئے تمام اقدامات اٹھائے جائیں گے تاکہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی تعمیر و ترقی، خوبصورتی، سیاحتی منصوبوں، شہریوں کی فلاح و بہبود کے منصوبوں کو بروقت پایہ تکمیل تک پہنچ سکیں۔
چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے امسال سی ڈی اے کے مالیاتی اہداف کے حصول کو یقینی بنانے کیلئے ممبر فنانس کی زیرِ نگرانی سی ڈی اے کے نادہندگان سے سی ڈی اے کے واجبات کی ریکوری کو مزید بہتر بنانے کے لیے اسپیشل ریکوری یونٹ قائم کرنے کی ہدایت کی جسکو سی ڈی اے کے تمام ڈائریکٹوریٹس مکمل تعاون فراہم کریں گی. ریکوری سیل قائم کرنے کے علاوہ سی ڈی اے کے فنانشل مانیٹرنگ کے نظام کو مزید موثر بنانے کی ہدایت کی۔
چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے سی ڈی اے اور ڈی ایم اے کو اپنی تمام لیز شدہ پراپرٹیز کا سروے کرنے، مکمل ڈیٹا تیار کرنے اور لیز کی گئی تمام پراپرٹیز کے غیر قانونی استعمال کو بروقت روکنے کیلئے اقدامات کرنے اور سب لیز پر دینے والوں کو قانون کے مطابق نوٹسسز جاری کرنے کی ہدایت کی. انہوں نے تمام پراپرٹیز جنکی لیز کی معیاد ختم ہوچکی ہے انکو قانون کے مطابق نوٹسسز جاری کرنے، عدم ادائیگی پر لیز کی منسوخی اور جرمانہ عائد کرنے کی ہدایت کی۔
چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے ریسورس ونگ کو سی ڈی اے کو مالیاتی طور پر مزید مستحکم بنانے کیلئے مختلف ذرائع کو مزید بڑھانے کیلئے تجاویز پیش کرنے کی ہدایت کی۔ چیرمین سی ڈی اے نے کہا کہ سی ڈی اے اسلام آباد کی ترقی اور خوشحالی کے لیے پر عزم ہے اسکے لیے تمام وسائل بروئے کارلائے جائیں گے۔
چیئرمین سی ڈی اے نے ادارے کے موجودہ بجٹ کے اہداف کے حصول کے ساتھ آئندہ مالی سال کے سی ڈی اے کے بجٹ کی تیاری کیلئے قابل عمل تجاویز پیش کرنے کی ہدایت کی تاکہ سی ڈی اے کو مالیاتی طور پر مستحکم بناتے ہوئے ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل کو یقینی بنایاجاسکے۔