لاہور(آئی پی ایس) پاکستانی اداکارہ نیلم منیر نے شادی کے بعد اپنی زندگی کے رنگ بالکل بدل دیے ہیں اور اپنے لباس میں بھی واضح تبدیلی کی جس کی وجہ سے وہ مداحوں کی توجہ کا مرکز بن گئیں۔ ان کی یہ تبدیلی کچھ لوگوں کے لیے دلچسپی کا باعث بنی، تو کچھ نے اس پر تنقید بھی کی۔
نیلم منیر نے اپنے کریئر کا آغاز روڈ شوز اور اشتہارات سے کیا اور پھر آہستہ آہستہ اداکاری کی دنیا میں قدم جمانا شروع کیا۔ انہوں نے کئی کامیاب ڈراموں میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھائے، جن میں ”دل موم کا دیا“، ”احرامِ جنون“، ”محبت داغ کی صورت“، ”محشر“ اور ”خمار“ جیسے مشہور ڈرامے شامل ہیں۔
نیلم منیر نے 2025 کے آغاز میں اپنی زندگی کا ایک نیا باب شروع کیا اور شادی کے بندھن میں بندھ گئیں۔ ان کی شادی محمد راشد سے ہوئی، جو دبئی میں رہائش پذیر ہیں اور ٹریول اینڈ ٹورازم کا کاروبار کرتے ہیں۔
شادی کے بعد نیلم منیر نے انسٹاگرام پر کئی ایسی پوسٹس شیئر کیں جن سے ان کے مذہب کی طرف مائل ہونے کا تاثر مل رہا تھا۔ اس دوران یہ افواہیں بھی اُٹھنے لگیں کہ نیلم نے شوبز کی دنیا کو چھوڑ دیا ہے۔
ان افواہوں کا جواب دیتے ہوئے نیلم منیر نے انسٹاگرام پر ایک اسٹوری شیئر کی، جس میں انہوں نے واضح کیا کہ انہوں نے شوبز کو نہیں چھوڑا اور اداکاری ان کا شوق ہے، جسے وہ چھوڑ نہیں سکتی ہیں۔
ایک صارف نے نیلم منیر کی اس وضاحت پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ شوق کا پیچھا کرنا ضروری نہیں ہے، بلکہ انسان کو اپنے نفس پر قابو رکھنا فرض ہے اور اسے حلال و حرام کے بارے میں سوچنا چاہیے۔