Thursday, December 19, 2024
ہومپاکستانکرم میں جاری کشیدگی کے خاتمے کیلئے صوبائی ایپکس کمیٹی کا اجلاس طلب، اہم فیصلے متوقع

کرم میں جاری کشیدگی کے خاتمے کیلئے صوبائی ایپکس کمیٹی کا اجلاس طلب، اہم فیصلے متوقع

پشاور (آئی پی ایس )ضلع کرم میں جاری کشیدگی کے خاتمے کے لئے وزیر اعلی خیبر پختونخوا علی امین خان گنڈاپور نے کل صوبائی ایپکس کمیٹی کا اہم اجلاس طلب کرلیا۔ اجلاس میں ضلع کرم میں لوگوں کو اشیائے ضروریہ اور دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی اور امن کے قیام کے لئے اہم فیصلے متوقع ہیں۔
صوبائی ایپکس کمیٹی کا یہ اہم اجلاس وزیر اعلی کی زیر صدارت وزیر اعلی سیکرٹریٹ میں منعقد ہوگا۔اجلاس میں کرم میں امن و امان کی تازہ صورتحال، قیام امن کے لئے صوبائی حکومت کے اقدامات اور دیگر متعلقہ معاملات کا تفصیلی جائزہ لیا جائے گا۔اجلاس میں ضلع کرم میں لوگوں کو اشیائے ضروریہ اور دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی اور امن کے قیام کے لئے اہم فیصلے کئے جائیں گے۔
فورم میں تمام متعلقہ شراکت داروں کی مشاورت سے علاقے میں دیرپا امن کے قیام کے لئے آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔اجلاس کو علاقے میں امن کے قیام کے لئے صوبائی حکومت کے تشکیل کردہ گرینڈ جرگے کی طرف سے اب تک کی پیشرفت سے آگاہ کیا جائے گا۔ اعلی سول اور عسکری قیادت، متعلقہ اراکین صوبائی کابینہ، متعلقہ ڈویژنل اور ضلعی انتظامیہ کے حکام اجلاس میں شریک ہوں گے۔
خیال رہے کہ پاراچنار کو دیگر اضلاع سے لنک کرنے والی سڑک پچھلے 71 دنوں سے آمد و رفت کیلئے بند ہے، جس سے اپر کرم کو ہر قسم کی سپلائی معطل ہے اور عوام کو شدید مشکلات کا سامنا ہے، شہر میں خوردونوش، ادویات، ایندھن سمیت دیگر اشیا کا ذخیرہ مکمل ختم ہوچکا ہے۔
شہر میں پیٹرول پمپ ، ہوٹلز، نان بھایان بند ہیں، شدید سردی کے باعث پاراچنار شہر میں ایل پی جی اور لکڑی بھی ناپید پے،اشیائے ضروریات کی عدم دستیابی کے باعث شہری ایک ایک چیز کیلئے ترس رہے ہیں، عوام فاقوں پر مجبور ہیں، جبکہ روڈ کھولنے کیلئے موثر اقدامات تاحال نہیں اٹھائے گئے ہیں۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔