Sunday, December 8, 2024
ہومپاکستانشریف خاندان کو دیوالیہ کرنے کا آغاز بھٹو دورسے ہوا، فیملی ترجمان کا برطانوی عدالت کے فیصلے پرردعمل

شریف خاندان کو دیوالیہ کرنے کا آغاز بھٹو دورسے ہوا، فیملی ترجمان کا برطانوی عدالت کے فیصلے پرردعمل

لاہور(آئی پی ایس )شریف خاندان کے ترجمان نے برطانوی عدالت کی جانب سے حسن نواز کی کمپنی کو دیوالیہ قرار دینے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہائیکورٹ نے دراصل حسن نواز کے موقف کو درست قرار دیا ہے۔
نواز شریف خاندان کے ترجمان نے برطانوی عدالت سے حسن نواز کی کمپنی کو دیوالیہ قرار دینے کی خبر پر بیان دیتے ہوئے کہا کہ شریف خاندان کو دیوالیہ کرنے کے عمل کا آغاز 1972 سے ہوا جب پہلی مرتبہ ذوالفقار علی بھٹو صاحب کے زمانے میں صنعتوں کو نیشنلائز کیا گیا جس میں شریف خاندان بھی شامل تھا۔ترجمان نے کہا کہ پھر جنرل (ر)پرویز مشرف نے یہی کام کیا، ظلم کی انتہا کرتے ہوئے شریف خاندان کے ذاتی گھروں پر قبضہ کر لیا اور فیکٹریاں سیل کی گئیں، اس کے بعد ثاقب نثار اینڈ کمپنی نے اپنے دور ستم میں یہ ظلم دہرایا اور شریف خاندان کی انڈسٹری کو تباہ و برباد کر دیا۔
انہوں نے کہا کہ شریف خاندان کو صرف سزا دینے کے لیے ان کے خاندان کے کاروبار کو چار بار دیوالیہ کرایا جا چکا ہے، شریف خاندان کے لیے یکے بعد دیگرے آنے والے ایسے اتار چڑھا کوئی نئی بات نہیں ہے کیونکہ ملک وقوم اور اصولوں کی خاطر شریف خاندان نے برسوں کی محنت سے چلنے والے نجی کاروبار کے نقصانات اور ذاتی دکھ برداشت کیے ہیں۔ترجمان نے مزید کہا کہ کمپنیوں کے دیوالیہ ہونے کے عرصے کے دوران ٹیکس نہیں دیا جاتا، برطانوی عدالت نے حسن نواز کے اسی موقف کو درست قرار دیا ہے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔