Tuesday, September 17, 2024
ہومتازہ ترینسپریم کورٹ بار کا بیرسٹر گوہر، شعیب شاہین اور شیر افضل مروت کی رہائی کا مطالبہ

سپریم کورٹ بار کا بیرسٹر گوہر، شعیب شاہین اور شیر افضل مروت کی رہائی کا مطالبہ

اسلام آباد (آئی پی ایس) سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن نے بیرسٹر گوہر خان، شعیب شاہین اور شیر افضل مروت کی گرفتاری کی مذمت کرتے ہوئے ان کی رہائی کا مطالبہ کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کی جانب سے جاری پریس بیان میں کہا گیا ہے کہ نے بیرسٹر گوہر خان، شعیب شاہین اور شیر افضل مروت نہ صرف سپریم کورٹ کے وکلا ہیں بلکہ وہ سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے ممبران بھی ہیں۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ سیاسی سرگرمیوں میں حصہ لینے پر مذکورہ وکلا کی گرفتاریاں بلاجواز ہیں، وکلا کی گرفتاری غیرقانونی ہے اور آزادی اظہار رائے کی خلاف ورزی ہے۔
سپریم کورٹ بار نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ وکلا کی گرفتاری سیاسی انتقام ہے جس کی بھرپور مذمت کرتے ہیں، حکومت آئینی اقدار کو مدنظر رکھے اور ایسے اقدامات سے گریز کرے، وکلا کو فوری رہا نہیں کیا گیا تو ملک گیر احتجاج کی کال دی جائے گی۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز اسلام آباد پولیس نے چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر، شیر افضل مروت اور شعیب شاہین کو گرفتار کیا تھا جبکہ عامر ڈوگر کو بھی گرفتار کرنے کی اطلاعات تھیں۔

اسلام آباد پولیس نے شیر افضل مروت کو اس وقت گرفتار کیا جب وہ قومی اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کے بعد واپس جارہے تھے۔ پولیس نے شعیب شاہین کو ان کے دفتر سے گرفتار کیا جبکہ چیئرمین بیرسٹر گوہر نے خود پارلیمنٹ ہاؤس سے باہر آکر گرفتاری دی۔ چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے اس سے قبل گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ ایسے حالات کی طرف نہ جائیں کہ کسی کی ہار جیت نہ ہو۔

قبل ازیں، اتوار کو تحریک انصاف کے اسلام آباد جلسے میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ اگر ایک سے دو ہفتوں میں عمران خان کو رہا نہ کیا گیا تو ہم خود ان کو رہا کروائیں گے۔ انہوں نے اپنی تقریر کے دوران سیاسی حریفوں کے ساتھ ساتھ اسٹیبلشمنٹ پر بھی کڑی تنقید کی تھی۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔