Tuesday, September 17, 2024
ہومبریکنگ نیوزملک کو نقصان پہنچانے والی محاذ آرائی کی سیاست کے خلاف ہیں، صدرمملکت

ملک کو نقصان پہنچانے والی محاذ آرائی کی سیاست کے خلاف ہیں، صدرمملکت

اسلام آباد(سب نیوز )صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ ملک کو نقصان پہنچانے والی محاذ آرائی کی سیاست کے خلاف ہیں۔ صدر مملکت کی جانب سے ایوانِ صدر میں مختلف سیاسی جماعتوں کے ارکان ِپارلیمنٹ کے اعزاز میں عشائیہ دیا گیا جس میں چیئرمین سینیٹ ، گورنر پنجاب اور خیبرپختونخوا ، وزیراعلی بلوچستان نے بھی شرکت کی۔ ان کے علاوہ اے این پی کے صدر و سینیٹر ایمل ولی خان ، وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین ، سابق نگران وزیراعظم و سینیٹر انوار الحق کاکڑ، صدر استحکام پاکستان پارٹی عبد العلیم خان سمیت ملکی اعلی سیاسی قیادت بھی عشائیے میں شریک ہوئی۔

اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے صدر ِمملکت نے پارلیمانی جمہوریت کو مزید مضبوط کرنے اور سیاسی استحکام فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ ملک کو سیاسی، اقتصادی اور سیکیورٹی چیلنجز سے نکالنے کیلیے سیاسی اتحاد کی ضرورت ہے۔صدر ِمملکت نے رواداری اور باہمی احترام کو فروغ دینے اور جمہوری ادارے مضبوط بنانے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ خدمات کی فراہمی بہتر بنانے ، معاشی خوشحالی کیلیے سیاسی، معاشی اور گورننس اصلاحات ناگزیر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوامی فلاح کیلیے گروہی مفادات سے بالاتر ہو کر پرعزم طریقے سے کام کرنا ہوگا۔ صدر مملکت نے مزید کہا کہ ملک کو نقصان پہنچانے والی محاذ آرائی کی سیاست کے خلاف ہیں۔عشائیے میں شریک سیاسی جماعتوں کے ارکان ِپارلیمنٹ نے استحکام اورعوامی ریلیف کیلیے مختلف تجاویز دیں او قومی مسائل پر اتفاق رائے پیدا کرنے میں صدر مملکت کی سیاسی دانشمندی اور وژن کو بھی سراہا۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔