راولپنڈی(آئی پی ایس )انسداد دہشتگردی عدالت نے بشری بی بی سے سانحہ 9 مئی کے مقدمات کی تفتیش 7 روز میں مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے۔ بشری بی بی سمیت دیگر ملزمان کے خلاف 9مئی کے کیسز سے متعلق سماعت اڈیالہ جیل میں ہوئی جہاں انسداد دہشتگردی عدالت نے بشری بی بی کی عبوری ضمانت کی درخواست بھی واپس لینے پرخارج کردی۔
اڈیالہ جیل میں ہونے والی سماعت میں عمران خان، شیخ رشید، شبلی فراز، غلام سرور، صداقت عباسی، شیریں مزاری اور اعظم سواتی سمیت 9 مئی کے 500 سے زائد ملزمان پیش ہوئے۔ دوسری جانب اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے بشری بی بی سے جیل میں بدسلوکی کیخلاف درخواست پر سماعت کی جہاں کیس میں بشری بی بی کے وکیل پیش ہوئے۔ سماعت کے دوران بشری بی بی کے وکیل نے کہا کہ بشری بی بی کی درخواست پر رجسٹرار آفس نے اعتراضات عائد کیے۔ جسٹس میاں گل حسن نے کہا کہ بشری بی بی کی درخواست پر آفس کا اعتراض بدنیتی پر مبنی ہے، وہ اسلام آباد سے نیب کے کیس میں گرفتار ہیں اور اڈیالا جیل اسلام آباد کے قیدیوں کی حد تک اسلام آباد کی جیل ہے، آفس کو تنبیہ ہے کہ آئندہ درخواستوں پرایسے فضول اعتراضات نہ لگائیں۔بعد ازاں بشری بی بی کی جیل میں بدسلوکی کیخلاف درخواست سپرنٹنڈنٹ اڈیالاجیل کو بھجوادی گئی۔