Monday, July 8, 2024
ہومپاکستانآرمی چیف نے ڈیجیٹل دہشت گردی کو ریاستی اداروں کے خلاف سازش قرار دیدیا

آرمی چیف نے ڈیجیٹل دہشت گردی کو ریاستی اداروں کے خلاف سازش قرار دیدیا

اسلام آباد (سب نیوز)آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کی زیر صدارت265ویں کور کمانڈرز کانفرنس ہوئی، کانفرنس کے شرکا نے سیاسی عزائم کی تکمیل کیلئے جاری ڈیجیٹل دہشتگردی کو ریاستی اداروں کے خلاف سازش قرار دیا۔
کانفرنس میں امن و استحکام کیلئے شہدا، افواجِ پاکستان، دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں اور پاکستانی شہریوں کی لازوال قربانیوں کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔ فورم نے ملکی سلامتی کی مجموعی صورتحال کا جائزہ لیتے ہوئے عزمِ استحکام کے مختلف پہلوئوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا ۔
فورم نے انسدادِ دہشت گردی کے لئے اختیار کی جانے والی حکمت عملی کے ضمن میں عزمِ استحکام کو اہم قدم اور ملک میں پائیدار استحکام اور معاشی خوشحالی کے لیے عزمِ استحکام دہشت گردی اورغیر قانونی سرگرمیوں کے گٹھ جوڑ کو ختم کرنے کے لئے وقت کا اہم تقاضہ قرار دیا۔
فورم نے چند حلقوں کی جانب سے عزمِ استحکام کے حوالے سے بلاجواز تنقید اورمخصوص مفادات کے حصول کے لئے قیاس آرائیوں کرنے پر تشویس کا اظہار کیا جبکہ لاقائی سلامتی بالخصوص افغانستان کی صورتحال پر غور اور علاقائی امن و سلامتی کے فروغ کے لیے عزم کا اعادہ بھی کیا گیا۔
کانفرنس کے شرکا کا کشمیر اور فلسطین کے عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی اور کشمیر اور غزہ میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں، جنگی جرائم اور نسل کشی کی مذمت کی۔کانفرنس کے شرکا نے سیاسی عزائم کی تکمیل کیلئے جاری ڈیجیٹل دہشت گردی کو ریاستی اداروں کے خلاف سازش قرار دیا۔ شرکا نے اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ ریاست مخالف بیرونی طاقتوں کی سرپرستی میں جاری ڈیجیٹل دہشت گردی کا مقصد جھوٹ، جعلی خبروں اور پروپیگنڈے کے ذریعے قوم میں نفاق اور مایوسی پھیلانا ہے، فواج پاکستان اور پاکستانی قوم ان سازشوں سے نہ صرف آگاہ ہیں بلکہ دشمن کے مذموم مقاصد کو شکست دینے کیلئے پرعزم اور متحد ہیں۔ عسکری قیادت قوم کو درپیش چیلنجز کا بخوبی ادراک رکھتی ہے اور عوام کے تعاون سے اپنی آئینی حدود میں رہتے ہوئے ایک پائیدار حل کے لئے کوشاں ہے۔
فورم نے ملک میں جاری سماجی اور معاشی ترقی کے لئے کی جانے والی کوششوں کے لئے مکمل تعاون کا اعادہ جبکہ فورم نے سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال کرنے اورمعاشی ترقی و استحکام کے لئے کی جانے والی حکومتی کوششوں کی مکمل تائید کی۔اس موقعے پر آرمی چیف نے کہا کہ پاک فوج تمام اندرونی اور بیرونی چیلنجز کو ناکام بنانے کیلئے ہمیشہ سے تیار رہی ہے، درپیش چیلنجز کے باوجود پاک فوج پاکستان کے استحکام اور خوشحالی میں اپنا بھرپور کردارادا کرتی رہے گی۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔