Monday, July 8, 2024
ہومبریکنگ نیوزچیئرپرسن وقار نسواں کمیشن کا حسن اقبال چشتی کی لڑکیوں کی تعلیم مخالف وڈیو کا نوٹس

چیئرپرسن وقار نسواں کمیشن کا حسن اقبال چشتی کی لڑکیوں کی تعلیم مخالف وڈیو کا نوٹس

اسلام آباد(آئی پی ایس )چیئرپرسن قومی کمیشن برائے وقار نسواں نے بچیوں کی تعلیم مخالف وڈیو پر نوٹس لے لیا۔چیئرپرسن نیلوفر بختیار نے کہا کہ سوشل میڈیا پر وائرل حسن اقبال چشتی کی وڈیو ناقابل برداشت ہے۔ سوشل میڈیا پر وائرل وڈیو میں بچیوں کی تعلیم مخالف مواد پر سخت ترین کارروائی کی جائے۔

نیلوفر بختیار نے کہا کہ سائبر کرائم ایف آئی اے وڈیو بنانے اور وائرل کرنے والوں کو کیفر کردار تک پہنچائے۔ پی ٹی اے بچیوں کی تعلیم کے مخالف مواد تمام سوشل میڈیا پلیٹ فارم سے فوری ہٹائے۔چیئرپرسن این سی ایس ڈبلیو کا کہنا تھا کہ بچیوں، خواتین کے بنیادی حقوق مخالف مواد نشر، تشہیر کرنے والوں پر مستقل پابندی عائد کی جائے۔ اسلامی نظریاتی کونسل بھی یقینی طور پر حسن اقبال چشتی کی مذمت کرے گی۔ ہم پر امید ہیں علمائے کرام حسن اقبال چشتی سے اظہار لاتعلقی کریں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ قومی کانفرنس برائے تعلیم نسواں کے اختتام کے فوری بعد اس وڈیو کا عام ہونا تشویش کا باعث ہے، بچیوں، خواتین کو تعلیم کے بنیادی حق سے محروم رکھنے کی سوچ کا دین، آئین میں تصور نہیں۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔