اسلام آباد: و فاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب سے آسٹریلیا کے پاکستان میں سفیر نیل ہاکنز کی ملاقات ہوئی جس میں دوطرفہ تعلقات، معاشی استحکام، فلم، آرٹ اور ثقافت کے شعبوں میں تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات میں آسٹریلیا کے سفیر نے موجودہ حکومت کے ملکی معیشت کے استحکام اور آئی ایم ایف معاہدے کیلئے کاوشوں کو سراہا۔
اس موقع پر وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ پاکستان آسٹریلیا کے ساتھ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، مریم اورنگزیب نے آسٹریلیا کے سفیر کو نیشنل امیچور فلم فیسٹیول کے بارے میں بھی آگاہ کیا اور کہا کہ حکومت نے 2 ارب روپے کی لاگت سے فلم فنانس فنڈ قائم کیا۔آسٹریلوی سفیر نے کہا کہ آسٹریلیا کی کمپنی ریکوڈک منصوبہ پر بلوچستان میں کام کر رہی ہے، ریکوڈک منصوبہ بلاشبہ پاکستان کی ترقی کا دروازہ کھولے گا۔ آسٹریلیا کے سفیر نے وفاقی وزیرکی فلم اینڈ کلچر اور آزادی اظہار رائے کے فروغ کیلئے کوششوں کو بھی سراہا۔