Tuesday, July 1, 2025
ہومپاکستانخون سفید ہوگیا ، وفاقی وزیر سینیٹر طلحہ محمودنے اپنے ہی بھائی کے دو گھروں پر قبضہ کر لیا

خون سفید ہوگیا ، وفاقی وزیر سینیٹر طلحہ محمودنے اپنے ہی بھائی کے دو گھروں پر قبضہ کر لیا

اسلام آباد(سب نیوز )خون سفید ہوگیا ، وفاقی دارالحکومت کے پوش ترین سیکٹر میں ممتاز کاروباری شخصیت ہارون محمود کے اربوں روپے مالیت کے دو گھروں پر قبضہ کے پیچھے سگے بھائی سنیٹر طلحہ محمود کا ہاتھ ، وفاقی وزیر کے اثر و رسوخ کے سامنے وفاقی پولیس نے دم سادھ لیا، علاقہ مکینوں میں بھی شدید خوف و ہراس۔

تفصیلات کے مطابق چند روز قبل آسلام اباد کے سیکٹر ایف سیون ون میں معروف کاروباری شخصیت ہارون محمود کے دو گھروں پر رات گئے مسلح افراد نے قبضہ کر لیا تھا۔ ہارون محمود نے اس سلسلے میں حصول انصاف کے لیے تھانہ کوہسار رابطہ کیا لیکن کئی روز گزرنے کے باوجود پولیس نے کوئی کاروائی نہیں کی۔ ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ مذکورہ قبضہ گروپ کی پشت پناہی ہارون محمود کے سگے بھائی اور وفاقی وزیر مذہبی امور طلحہ محمود کر رہے ہیں، وہ کاروباری چپقلش کی بنا پر اپنے اثر و رسوخ سے بھائی کے کاروبار اور جائیداد کو ہتھیانا چاہ رہے ہیں ۔

دوسری طرف ہارون محمود نے مقدمے کے اندراج کیلئے عدالت سے رجوع کرلیا ۔سینیٹر طلحہ محمود کے بھائی ہارون محمود نے سیشن جج کی عدالت میں بائیس اے کے تحت درخواست دائر کردی ہے درخواست میں ایس ایس پی آپریشنز ، اور دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔ درخواست میں کہا گیا کہ قبضہ گروہ کے سرغنہ عبداللہ تنولی کی سربراہی میں مسلح گروہ کے افراد نے نو جولائی کومیرے گھروں پر دن دیہاڑے قبضہ کیا ،اسلام آباد پولیس کی پکار 15 پر کال کی جس پرمتعلقہ اے ایس پی عبداللہ شہریار موقع پر پہنچے، پولیس نے ان کی گرفتاری کے بجائے ہارون محمود اور قبضہ گروہ کے سرغنہ عبداللہ تنولی کو تھانے شفٹ کیا ،پولیس نے ملزمان کو اعلی آفیسر کی کال پر تھانے سے چھوڑ دیا اور مقدمہ درج نہ کیا۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔