Tuesday, September 17, 2024
ہومکامرسٹوزم سمٹ اسلام آباد چیمبر کی شاندار کوشش، سیاحت کے فروغ میں معاون ثابت ہو گی، سفیر ترکیہ مہمت پاچی

ٹوزم سمٹ اسلام آباد چیمبر کی شاندار کوشش، سیاحت کے فروغ میں معاون ثابت ہو گی، سفیر ترکیہ مہمت پاچی

سیاحت اکانومی کی بہتری کے ساتھ ساتھ پاکستان کا مثبت امیج اجاگر کرنے کا سبب بن سکتی ہے،احسن بختاوری
دنیا کے چند بلند ترین سیاحتی مقامات میں سے ایک سکردو میں منعقد ہ سمٹ میں شرکت انتہائی خوش گوار تجربہ ہے،سفیر ملائشیا
اسلام آباد()پاکستان میں تعینات ترکیہ اور ملائیشیا اور شام کے سفراء نے پہلی آئی سی سی آئی انٹرنیشنل ٹوزم سمٹ کو کامیاب اور سیاحت کے فروغ کیلئے اسلا م آباد چیمبر شاندار کوشش قرار دیا ہے۔سفراء کے مطابق پاکستان کے شمالی علاقہ جات کی خوبصورتی دنیا بھر کے سیاحوں کو متوجہ کر سکتی ہے۔دنیا کے چند بلند ترین سیاحتی مقامات میں سے ایک سکردو میں منعقدہ کانفرنس میں شرکت انتہائی خوش گوار تجربہ ہے۔پاکستان کے شمالی علاقہ جات کی بلند ترین چوٹیاں ایڈونچر سیاحت کا مرکز بن سکتی ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے آئی سی سی آئی انٹر نیشنل ٹورزم سمٹ کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ترکیہ کے سفیر مہمت پاچی نے کہا کہ ترکیہ کی طرح پاکستان کے پاس سیاحت کا شاندار پوٹینشل موجود ہے۔بدقسمتی سے ماضی میں پاکستان کے سیکیورٹی حالات سیاحت کے فروغ میں رکاوٹ رہے ہیں مگر اب چیزیں بہتر ہو گئی ہیں۔انہوں نے کہا کہ اسلام آباد چیمبر نے شمالی علاقہ جات کو دنیا کے سامنے پیش کرنے کیلئے سمٹ کا انعقاد کر کے بہترین کوشش کی ہے۔مجھے امید ہے اس کے مثبت اثرات جلد سامنے آئیں گے۔انہوں نے کہا کہ ترکیہ دنیا بھر میں سیاحت کے حوالے سے معروف ترین جگہوں میں سے ایک ہے جہاں ہر سال کئی ملین سیاح آتے ہیں۔ترکیہ اپنے برادر ملک پاکستان کے ساتھ اس سلسلے میں مکمل تعاون کرنے کو تیار ہے۔انہوں نے کہا کہ سکردو دنیا کی خوبصورت ترین جگہوں میں سے ایک ہے۔یہاں پر موجود ایئر پورٹ کو جدید سہولیات سے آراستہ کرنے کیلئے ترکیہ کام کر رہا ہے۔ہماری کوشش ہے کہ جلد ترکش ایئر لائن کی براہ راست پرواز سکردو کیلئے شروع کی جائے۔اس حوالے سے بھی بات چیت جاری ہے۔انہوں نے کہا کہ دنیا میں ایڈونچر ٹورزم فروغ پا رہی ہے۔پاکستان کے شمالی علاقہ جات میں دنیا کی متعدد بلند ترین چوٹیاں ہیں جو بلخصوص یورپی سیاحوں کی پسندیدہ جگہ بن سکتی ہیں۔صدر اسلام آباد چیمبر آف کامرس احسن بختاوری نے کہا کہ اسلام آباد چیمبر نے شمالی علاقہ جات میں اپنی نوعیت کا یہ پہلا ایونٹ منعقد کیا ہے جس کا سلسلہ جاری رہے گا۔انہوں نے کہا کہ سیاحت صرف ڈالر کمانے یا اکانومی بہتر کرنے کا ذریعہ نہیں ہے بلکہ اس کے فروغ سے دنیا بھر میں پاکستان کا مثبت تاثر اجاگر ہوگا۔انہوں نے کہا کہ کانفرنس میں شریک بڑی تعداد میں غیرملکی سفراء ہماری کامیابی ہے۔حکومت ترکیہ اور ملائشیا جیسے برادر اسلامی ممالک کے تجربات سے سیکھتے ہوئے پالیسی مرتب کرے۔ انہوں نے کہاکہ شمالی علاقہ جات میں سیاحت کے فروغ کیلئے وفاقی حکومت،صوبائی حکومت اور متعلقہ اداروں کو مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے۔ کانفرنس کے حوالے سے پاکستان میں تعینات ملائشیا کے سفیر اظہر بن مذلان نے کہا کہ سیاحت ملائشیا کی اکانومی کا اہم ترین حصہ ہے۔ملائشیا ہر سال سیاحت کے ذریعے خطیر رقم کماتا ہے۔پاکستان کے پاس کئی ایسی جگہیں ہیں جو نا صرف ملائشیئین سیاحوں کو یہاں لانے کا سبب بن سکتی ہیں بلکہ دنیا کے دیگر ممالک سے بھی بڑی تعداد میں سیاح یہاں ا سکتے ہیں۔ملائشیا اس سلسلے میں پاکستان کے ساتھ مکمل تعاون کرے گا۔پاکستان کے خوبصورت ترین شمالی علاقہ جات کی برینڈنگ کیلئے آئی سی سی آئی ٹوزم سمٹ بہترین قدم ہے۔ ایسے اقدامات کا سلسلہ جاری رہنا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ شمالی علاقہ جات کی خوبصورتی نے مجھے حیران کر دیا۔انتہائی خوشگوار موسم،بلند و بالا پہاڑ اور ساف ستھری فضاء کا حامل یہ خطہ سیاحوں کی جنت ثابت ہو سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ملائشیا پاکستان کے ساتھ براہ راست پروازیں شروع کر رہا ہے۔میں تجویز دوں گا کہ سکردو سمیت دوسرے سیاحتی مقامات تک بھی ملائشین ایئر لائنز کو لانے کام کیا جانا چاہے۔کانفرنس کے حوالے سے شام کے سفیر ڈاکٹر رمیز الری نے کہا کہ میں کانفرنس میں شرکت کا موقع دینے پر میں اسلام آباد چیمبر کا مشکور ہوں۔پاکستان کے شمالی علاقہ جات کو مشرق کا سوئزر لینڈ کہا جا سکتا ہے۔اس طرح کی کانفرنس نہ صرف سیاحت بلکہ کاروبار کی ترقی کا بھی سبب بن سکتی ہے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔