Friday, March 29, 2024
ہومپاکستانایف آئی اے کمرشل بینکنگ سرکل پشاورکی کارروائی،غیر قانونی کرنسی ایکسچینج کرنیوالے2ملزمان گرفتار

ایف آئی اے کمرشل بینکنگ سرکل پشاورکی کارروائی،غیر قانونی کرنسی ایکسچینج کرنیوالے2ملزمان گرفتار

ملاکنڈ،ایف آئی اے کمرشل بینکنگ سرکل پشاور کی بٹ خیلہ میں غیر قانونی کرنسی ایکسچینج والوں کے خلاف کارروائی،لاکھوں روپے مالیت کی غیر ملکی اور پاکستانی کرنسی برآمد، مقدمات درج ، دو ملزمان گرفتار۔تفصیلات کے مطابق بٹ خیلہ ضلع ملاکنڈ میں غیر قانونی فارن کرنسی ایکسچینج کا کاروبار کر نے والوں کے خلاف ڈی جی ایف آئی اے ڈاکٹر ثنا اللہ عباسی کے حکم پر باقاعدہ کریک ڈاون کیا گیا۔ ڈائریکٹر ایف آئی اے خیبر پختونخواناصر محمود ستی کی خصوصی ہدایات پر ڈپٹی ڈائریکٹر ایف آئی اے کمرشل بینکنگ پشاور کی سربراہی میں چھاپہ مار ٹیم تشکیل دی گئی۔ چھاپے کے دوران چند کرنسی ایکسچینج ڈیلر اور بازار کے دیگر تاجران نے ایف آئی اے ٹیم کی کارروائی میں بھرپور مزاحمت کی اور امن و امان کی صورتحال کو متاثر کیا۔ ایف آئی اے حکام کا کہنا تھا کہ یہ تمام تر کارروائی اہم ملکی ترجیحات اور ایف اے ٹی ایف کے ملکی لائے عمل کے تحت عمل میں لائی گئی۔ کرنسی ایکسچینج ڈیلر اور تاجران کے مزاحمت کے باوجود ایف آئی اے نے اپنی کاروائی مکمل کی اور دو غیر قانونی ایکسچینج ڈیلرز سمیت کروڑوں روپے مالیت کی غیر ملکی کرنسی بر آمد کر کے دو ملزمان علی رحمان ولد محمد سید اور فواد علی ولد انظر گل ساکنان بٹ خیلہ، ملاکنڈ کے خلاف مقدمات درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی ہے۔ ایف آئی اے حکام نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ آئندہ بھی ملکی مفاد میں ایسی کاروائیاں عمل لائی جائینگی تاکہ ملک کو ہنڈی حوالہ اور غیر قانونی کرنسی ایکسچینج جیسے جرائم سے نجات دلایا جا سکے۔