Saturday, July 27, 2024
ہومپاکستانڈینئل پرل کیس: عمر شیخ کو کوٹ لکھپت جیل منتقل کرنے کی اجازت

ڈینئل پرل کیس: عمر شیخ کو کوٹ لکھپت جیل منتقل کرنے کی اجازت

اسلام آباد ، سپریم کورٹ نے ڈینئل پرل قتل کیس کے ملزمان کی رہائی کا معاملہ میں ملزم عمر شیخ کو پنجاب کوٹ لکھپت جیل میں منتقل کرنے کی اجازت دے دی ۔تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ میں کیس کی سماعت جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے کی ، سپریم کورٹ نے ملزم عمر شیخ کو پنجاب کوٹ لکھپت جیل میں منتقل کرنے کی اجازت دے دی جبکہ سپریم کورٹ نے آئندہ سماعت پر چیف سیکریٹری پنجاب کو بھی طلب کرلیا ۔ ایڈیشنل ایڈوکیٹ جنرل پنجاب فیصل چوہدری کے مطابق احمد عمر شیخ کی جانب سے پنجاب فیملی کی وجہ سے منتقل کرنے کی درخواست کی گئی ہے ۔ جسٹس عمر عطا بندیال نے ریمارکس میں کہا کہ جی او آ ر بھی ہائی سیکورٹی علاقہ ہے ، پنجاب حکومت عدالتی احکامات پر عملدرآمد کرتے ہوئے افراد کو سہولیات فراہم کرے ۔ ان افراد کی رہائی کے بعد لگاتار حراست پر عدالت مطمئن نہیں ہے۔ ایڈیشنل ایڈوکیٹ جنرل فیصل چوہدری نے کہاکہ احمد عمر شیخ کو جیل ملازمین کی کالونی میں رکھنے کا فیصلہ کیا ہے، باہر رکھنے پر رینجرز ،پولیس کے انتظامات کرنے پڑیں گے ۔ جسٹس سجاد علی شاہ نے کہاکہ اگر احمد عمر کو جیل حدود میں ہی رکھنا ہے تو پھر مہلت کیوں مانگ رہے ہیں ؟ بتائیں احمد عمر کو کب پنجاب میں منتقل کریں گے ؟۔ اٹارنی جنرل نیعدالت کو یقین دہانی کرواتے ہوئے کہاکہ ایک ہفتے میں احمد عمر کو منتقل کر دیں گے۔ سپریم کورٹ نے وفاقی اور صوبائی حکومتوں سے عدالتی احکامات پر عملدرآمد رپوٹس چیمبرز میں طلب کرلی جبکہ کیس کی مزید سماعت دو ہفتوں کیلئے ملتوی کردی ۔یاد رہے کہ امریکی صحافی ڈینئل پرل کو 2002 میں کراچی سے اغوا کے بعد قتل کردیاگیا تھا۔ انسداد دہشت گردی کی عدالت نے 15جولائی 2002کو امریکی صحافی ڈینیئل پرل کے قتل کے حوالے سے مقدمے کا فیصلہ سناتے ہوئے احمد عمر سعید شیخ کو سزائے موت جبکہ سلمان ثاقب، شیخ عادل اور فہد نسیم کو عمر قید کی سزا سنائی تھی۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔