Sunday, July 6, 2025
ہوماسلام آبادصحت سہولت کارڈ پر علاج ہونے کے باوجود ہری پور کے ہسپتال کا شہری سے دگنا فیس کا مطالبہ

صحت سہولت کارڈ پر علاج ہونے کے باوجود ہری پور کے ہسپتال کا شہری سے دگنا فیس کا مطالبہ

جہاں صحت سہولت کارڈ جیسا سنہری قدم غریب اور کم آمدنی والے افراد کے لیے مشکل وقت میں کسی آسمانی مدد سے کم نہیں سمجھا جا رہا تھا وہیں ہری پور میں واقع مہر جنرل ہسپتال کی طرف سے سادہ لوح شہریوں کو لوٹنے کے خلاف متاثرہ شہریوں کی طرف سے سوشل میڈیا پر پرزور مہم چلائی جا رہی ہے۔ اسلام آباد پریس کلب میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے شکایت کنندہ افراد نے بتایا کہ کے پی کے حکومت کے صحت سہولت کارڈ کے پینل پر ہونے کے باوجود ہسپتال مریضوں سے بھی علاج کے دگنا پیسے وصول کرنے لگا۔ مہر جنرل ہسپتال کی طرف سے ایک شہری سے صحت سہولت کارڈ پر ڈلیوری کیس کیلئے 55ہزار طلب کر لیے، انتظامیہ کے مطابق خاتون کو ہیپاٹائٹس سی بھی ہے اگر الگ سے 55ہزار نہ دیے گئے تو ڈلیوری کیس نہیں لیں گے۔ ایک اور شہری کے مطابق ہسپتال انتظامیہ نے صحت سہولت کارڈ پر کیس کرنے سے انکار کرتے ہوئے فیس کا مطالبہ کیا جس کی وجہ سے انہیں ایک دوسرے ہسپتال میں علاج کروانا پڑا۔

اس بابت شہریوں کی جانب سے صحت سہولت کارڈ ہیلپ لائن پر شکایت درج کروانے کے باوجود تاحال ہسپتال انتظامیہ کے خلاف کوئی ایکشن نہیں لیا گیا۔ 

سوشل میڈیا پر عوام کے سامنے پو ل کھلنے کے بعد ہسپتال انتظامیہ اپنے رویے پر شرمندہ ہونے کے بجائے اپنے اثر و رسوخ کے ذریعے مریضوں اور ان کے لواحقین کو تھانے سے فون کروا کر دھمکانے لگی۔ جس کے بعد مزکورہ شکایت کنندگان  نے احتجاج کا دائرہ کار بڑھانے کا فیصلہ کرتے ہوئے مقامی و قومی میڈیا ہاؤسز اور صحت کارد کے ارباب اختیار کی شنوائی تک اپنے احتجاج کو وسیع کرنے کا فیصلہ کیا۔

شکایت کنندہ شہریوں نے حکامِ بالا سے ایسے ہسپتالوں کے خلاف ایکشن لینے اور ان کے لائسنس منسوخ کرنے کی پرزور اپیل کی ہے۔ اور اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ ایسے ہسپتالوں کے اس طرح کے غیر قانونی اور غیر انسانی ہتھکنڈوں کے خلاف انتظامیہ کے خاطر خواہ اقدام تک احتجاج جاری رہے گا اور احتجاج کے دائرہ کار کو سوشل میڈیا اور اسلام آباد پریس کلب کے علاوہ پشاور اور ہری پور تک پھیلایا جائے گا۔ تاکہ آئندہ غریب عوام ہسپتالوں کی بلیک میلنگ سے بچ سکے اور عین وقت پر اپنے پیاروں کی زندگی کے لیے دربدر نہ ہو۔ 

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔