لاہور :پاکستان مسلم لیگ صوبہ پنجاب کے جنرل سیکرٹری،صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے کہا ہے کہ معاشی ترقی اولین ایجنڈا ہونا چاہیے،دہشت گرورں اور انتشار پسندوں کو ملکی ترقی ہضم نہیں ہو رہی،ان کی شکست قریب ہے،پاک فوج اور قوم مل کر سیاسی،معاشی استحکام لائے گی ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے مسلم لیگ سندھ کے صوبائی صدر طارق حسن اور صدر کراچی ڈوئژن جمیل احمد خان سے ملاقات کے دوران کیا،پارٹی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات غلام مصطفیٰ ملک بھی ملاقات میں موجود تھے،اس موقع صوبائی وزیر چوہدری شافع حسین نے مہمانوں کو یادگاری شیلڈ بھی پیش کیں،
چوہدری شافع حسین نے کہا کہ معاشی ترقی کے لیے سیاسی استحکام نہایت ضروری ہے قوم انتشار،دھرنوں جلوسوں اور روڈ بندشوں کی متحمل نہیں ہو سکتی ، چوہدری شافع حسین نے مسلم لیگ سندھ کی قیادت کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے انکی سیاسی استحکام کے لیے کاوشوں اور پارٹی خدمات کو سراہا، انہوں نے پارٹی راہنماوں کو اپنی وزارت کے عملی منصوبوں سے بھی آگاہ کیا جس پر پارٹی راہنماوں نے کہا کہ بطور وزیر چوہدری شافع حسین کی منفرد کارکردگی پارٹی کے لیے کسی اعزاز سے کم نہیں،دریں اثناء چوہدری شافع حسین نے پارٹی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات غلام مصطفیٰ ملک سے پارٹی امور پر بھی تفصیلی گفتگو کی اور پارٹی کو ضلعی اور تحصیل سطح پر منظم کرنے کی ہدایات دیں،ملاقات میں پارٹی کی تنظیم نو کے حوالے سے بھی مشاورت کی گئی اور صوبائی تنظیم کا اجلاس جنوری میں بلانے کا فیصلہ بھی کیا گیا ۔